حکومت کی یوٹیوب کی 45 ویڈیوز پر پابندی

نئی دہلی//یو این آئی// حکومت نے نفرت پھیلانے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑنے والی 45 یوٹیوب ویڈیوز پر پابندی لگا دی ہے ۔وزارت اطلاعات و نشریات نے انفارمیشن ٹیکنالوجی رولز 2021 کے تحت اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم یوٹیوب سے 10 یوٹیوب چینلز کی 45 ویڈیوز پر پابندی لگانے کی ہدایت کی ہے ۔ یہ ہدایت گزشتہ 23 ستمبر سے نافذ العمل ہے ۔ ان ویڈیوز کو 1.25 کروڑ سے زیادہ لوگ دیکھ چکے ہیں۔وزارت نے کہا ہے کہ ان ویڈیوز میں مذہبی برادریوں کے درمیان نفرت پھیلانے کے مقصد سے فرضی خبریں اور اس طرح کے کلیپنگ ڈالی گئی ہیں جن میں پھیر بدل کیا گیا ہے ۔ ان میں کئی فرضی دعوے کیے گئے ہیں جیسے کہ حکومت کچھ برادریوں کے مذہبی حقوق واپس لے رہی ہے اور ملک میں خانہ جنگی کا اعلان کر دیا گیا ہے ۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس طرح کی ویڈیوز سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی میں خلل پڑنے اور امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کا خدشہ ہے ۔