حکومت کی غلط پالیسیوں سے سماج کا ہر طبقہ ناخوش :آزاد کہا خطہ چناب کی ترقی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی

اشتیاق ملک

ڈوڈہ // حکومت کی غلط پالیسیوں سے سماج کا ہر طبقہ ناخوش ہے، بے روزگاری، مہنگائی و بے کاری کے سبب نوجوان و مزدور پیشہ افراد پریشان ہے، پندرہ برس قبل جو ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے وہ آج بھی ادھورے پڑے ہیں، انسان کو انسانیت سے الگ کرنے والا کسی کا بھی ہمدرد نہیں ہو سکتا۔ ان باتوں کا اظہار سابق وزیر اعلیٰ و چیئرمین ڈیموکریٹک آزاد پارٹی غلام نبی آزاد نے ڈوڈہ کے بلاک ڈالی ادھیان پور میں ایک عوامی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینئر ڈی اے پی لیڈر غلام محمد سروڑی ،عبدالمجید وانی، سابق ایم ایل سی نریش کمار گپتا ،سابق ایڈووکیٹ جنرل محمد اسلم گونی کے علاوہ ڈی ڈی سی کونسلر ،بی ڈی سی چیئرپرسنوں کے علاوہ پنچائتی اراکین و بھاری تعداد میں عوام نے شرکت کی۔سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 2005 سے پہلے خطہ چناب میں صرف 4 فیصد سڑکوں کی شرح تھی لیکن دوران وزیر اعلیٰ یہ شرح 40 فیصد تک پہنچائی گئی اور گاؤں کو سڑک پہنچانے کے لئے سینکڑوں پروجیکٹوں کو منظوری دی۔

 

انہوں نے کہا کہ خطہ چناب کی پسماندگی کو دور کرنے کے لئے میری دور حکومت میں نئے اضلاع و دیگر انتظام یونٹوں کا قیام عمل میں لایا گیا اور اس کے ساتھ گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ کے علاوہ کالجوں، تعلیمی اداروں، آنگن واڑی مراکز، ضلع و بلاک سطح پر ہسپتالوں و طبی مراکز کا جال بچھایا گیا جس کی وجہ سے شہر و گام میں تعمیر و ترقی کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع بھی پیدا کئے لیکن پندرہ برس گذر جانے کے بعد آج پروجیکٹوں کو آگے نہیں بڑھایا گیا جس کے نتیجے میں بے روزگاری و بے کاری میں اضافہ ہوا اور غریب غریب تر ہو رہا ہے۔کانگریس کو دی گئی قربانیوں کو دہراتے ہوئے آزاد نے کہا کہ میں نے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور جس بھی ریاست کا انچارج رہا وہاں سرکار بنا کر ہی دم لیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے شروع سے ہی اندرا گاندھی، راجیو گاندھی، نرسیما راؤ،ڈاکٹر منموہن سنگھ جیسے وزرائے اعظموں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا اور میں نے کبھی بھی مذہب کو سیاست کے ساتھ نہیں جوڑا۔آزاد نے کہا کہ کہ طالب علمی کے زمانے سے ہی میں اپنے سیکولر نظریہ کی بنیاد رکھی اور کبھی بھی مذہب و نفرت کی سیاست نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ دوران حکومت جو بھی تعمیری کام کئے ان میں ساتھ ساتھ زمینداروں کو معاوضہ بھی ادا کیا گیا لیکن آج سینکڑوں زمیندار معاوضہ سے محروم ہیں۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ہندو مسلم اتحاد کو برقرار رکھتے ہوئے سماج دشمن طاقتوں کے عزائم کو ناکام بنائیں اور میرے امیدواروں کو آنے والے انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں تاکہ پھر سے تعمیر و ترقی و خوشحالی کا بول بالا ہو سکے۔