حمد

حمدپاک

لفظوں میں کیسے پروؤں تری عظمت اللہ
کس طرح سے کروں آخر تری مدحت اللہ

اپنے محبوب کی اُمت میں کیا ہے پیدا
مجھ پہ یہ ہے تری سب سے بڑی رحمت اللہ

ہونی کر دینا زمانے کی ہر انہونی کو
صرف اور صرف یہ ہے آپ میں قدرت اللہ

زندگی اور اسے جینے کے تمامی اسباب
تیری ہی تو ہیں عطا اور عنایت اللہ

کیا کرشمہ ہے ترا ایک مرض نے میرے
بخش دی ہے مرے دل کو تری الفت اللہ

باپ ماں بھائی بہن سے بھی نہیں ہو سکتی
اپنے بندوں سے جو تجھ کو ہے محبت اللہ

پھر رہا ہوتا ہر اک در پہ جھکاتا سر کو
جو نہ ملتا ترا در بہرِ عبادت اللہ

لے کے میں نام ترا کرتا ہوں جو کام شروع
اس میں کس درجہ سمو جاتی ہے برکت اللہ

ذکی طارق بارہ بنکوی
سعادت گنج،بارہ بنکی،یوپی،انڈیا

رمضان المبارک کی فضیلت
اُٹھو اے مومنو ! سمجھو فضیلت اس مہینے کی
تمھیں معلوم تو ہوگی حقیقت اس مہینے کی

جو روزہ دار ہیں اُن کو بڑا انعام ملتا ہے
اُنھیں اس کارِ اعلیٰ کا بہت اکرام ملتا ہے
جزا الله دیتا ہے بدولت اس مہینے کی

ہر اک نیکی کا ملتا ہے بدل ستر گُنا یارو
عبادت سے محبّت سے یہ مالِ آخرت پا لو
تمہیں انساں بنا دیگی عبادت اس مہینے کی

محبّت کا عقیدت کا حسیں پیغام بھیجا ہے
تمام انسانیت کو یہ بڑا انعام بھیجا ہے
کلامِ پاک نے بدلی ہے صورت اس مہینے کی

نمازیں اس مہینے میں بڑی کثرت سے پڑھتے ہیں
کلامِ پاک سنتے اور بڑی شدّت سے پڑھتے ہیں
دلوں پر خوب چلتی ہے حکومت اس مہینے کی

نوافل کا فرائض سے بدل اللہ دیتا ہے
یہ اپنی مغفرت یارو کرانے کا مہینہ ہے
منافع ہی منافع ہے ریاضت اس مہینے کی

اگر تم ایک دوگے تو خدا ستّر ہی لکّھے گا
امیدوں سے ہماری وہ سدا بڑھکر ہی لکّھے گا
سخی سب کو بناتی ہے سخاوت اس مہینے کی

قمر یہ ماہِ رمضاں ہے الگ انداز ہے اس کا
کہ یہ جنّت کا ساماں ہے الگ انداز ہے اس کا
چلو حاصل کریں مل کر سعادت اس مہینے کی

عمران قمر
رمیش پارک ، لکشمی نگر نئی دہلی
موبائل نمبر؛8920472523

حمد

اَوٌل لیکھک
آپ ہیں۔۔۔۔۔
لکھی چاند تاروں کی
باغ بن و بہاروں کی ،ماہ پاروںکی
ہماری۔۔۔یہ رنگ بھری حسین طلسمی کتاب

کیا ناپ تول خوب
انگنت تارے و مہتاب تیرتے ہیں
دائروں میں
مگر ٹکراتے نہیں

اَوٌل سُر ۔۔۔۔۔
سجایا آپ نے
آ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔بن گیا سا
کیا ہم نے ذکرخیر تیرا
معابِد خانوں میں شب وروز۔۔۔۔
ہے یہاں پر کیا میرا
کچھ جو ہے وہ سب تیرا
شام بھی اور سحر بھی
باغ بن اور نگر بھی
تاریکیاں اورجوت بھی
زندگی اور موت بھی
اَوٌل آپ
انت بھی آپ
حی اُلقیوم
مالکِ یومِ جزا

علیم تو حکیم تو
عظیم تو رحیم تو
ہے اِس جہاں میں تو ہی تو
حلیم تو کریم تو
نہ دیکھا آپ سا کوئی جہاں میں اے مِرے خدا
تِرا ہی آسرا ہے بس،میں بندہ سر ہے خم میرا

مشتاق مہدی
مدینہ کالونی۔مَلہ باغ سرینگرموبائل نمبر؛9419072053