حضرت شاہ ہمدانؒ کا سالانہ عرس 3سال بعد منایا گیا وادی میں کئی مقامات پر اجتماعات ،خانقاہ معلیٰ سرینگر میں شب خوانی کی مجلس آراستہ، لوگوں کی بھاری شرکت

بلال فرقانی

سرینگر/وادی میں حضرت شاہ ہمدان میر سید علی ہمدانی ؒ کا 657واں سالانہ عرس 3سال کے وقفے کے بعد عقیدت و حترام کے ساتھ منایا گیا ۔ حضرت امیر کبیرؒ کے عرس کی مناسبت سے بڑی تقریب خانقاہ معلی سرینگر میں منعقد ہوئی،جہاں عقیدتمندوں کی روح پرور مجالس منعقد ہوئیں۔ خانقاہ معلی میں شب خوانی کے دوران سینکڑوں عقیدے مندوں نے شرکت کی۔ اس دوران اوراد فتحہ،ختمات المعظمات اور درود و اذکار کی مجلس آراستہ کی گئی۔ انتظامیہ اور وقف بورڈنے عقیدتمندوں کیلئے ٹھنڈے مشروبات کا انتظام کیا تھا۔خانقاہ معلی میں نماز ظہر سے قبل تقریب پر میر واعظ یاسین ہمدانی نے خطاب کرتے ہوئے حضرت امیر کبیرؒ کی زندگی پر روشنی ڈالی۔ انہوںنے فلسفہ حج ، فضیلت ماہ ذو الحجہ اور حضرت شاہ ہمدانؒ کی علمی ، روحانی اور تاریخی اسلامی خدمات پر روشنی ڈالی۔ اس موقعہ پر مفتی اعظم ناصر الاسلام نے فلسفہ عید قربان اور احکام قربان پر روشنی ڈالی۔

 

سجادہ نشین خانقاہِ معلی شاہد نعمان شافی ہمدانی اور علامہ مولانا شوکت حسین کینگ و دیگر علمائے کرام نے بھی خطاب کیا۔ بقعہ عالیہ کے سجادہ نشین کی خانقاہِ معلی پر ناشر کردہ دو تصانیف ’’جنۃُ الدنیا‘‘ اور ’’مختصر تاریخ بقعہ عالیہ مرکزِ اسلام‘‘ کی رسم رونمائی کی گئی۔ خانقاہ فیض پناہ ترال اور حضرت شاہ ہمدانؒ کے نام سے منسوب دیگرخانقاہوں میں بھی بدھ کو عرس مبارک جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔عقیدت مندوں کا تانتا بندھا رہا اور کافی تعداد میںلوگوں نے شرکت کی۔نامہ نگار سید اعجاز کے مطابق خانقاہ فیض پناہ ترال بالا میں قریب3سال کے بعد یہ عرس مبارک منایا گیا ، جہاں منگل کی شام سے ہی لوگوں کی ایک بڑی تعداد ترال پہنچی اور رات بھر یہاں شب خوانی میں مصروف رہے ۔ نماز ظہر اور عصر کے بعد تبرکات کی نشاندہی کی گئی ۔نامہ نگار غلام محمد کے مطابق سوپور کے خانقاہ معلی میں بھی حضرت امیرِ کبیرؒ کا سالانہ عرس منایا گیا۔چھ روزہ عرس میں روزانہ پانچ وقت کی نماز کے دوران خصوصی دعائیں ہوتی ہیں۔ شمالی کشمیر سے آئے ہوئے مرد، خواتین اور بچوں سمیت عقیدت مندوں نے نماز ادا کی اور بعد ازاں انہوں نے روح پرور مجالس میں شرکت کی۔خانقاہ معلی سوپور سے بعد میں ایک جلوس بھی برآمد کیا گیا۔ ایسی ہی تقریب ڈور شاہ آباد ، وچی ، شوپیان ، سیر ہمدان ، پلوامہ ، کھاگ ، پانپور ، لتر ، کپرن ، نوبرا اور وسط ایشیا خصوصاً کولاب ، تاجکستان ہمدان میں بھی ہوئی۔