حدمتارکہ پر فوج ہر خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار | ہر گھر جھنڈا شہدا کی یاد کو تازہ کرتا ہے:کمانڈر پونچھ برگیڈ

عشرت حسین بٹ
پونچھ //سرحدوں پر تعینات فوج جوش اور جز بے کے ساتھ ہر طرح کے حالات سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں جبکہ آزادی کا امرت مہا اتسو کے تحت ہر گھر لہراتا ہوا ترنگا ملک کے ان شہداکی یاد دلاتا ہے جنہوں نے ملک کے لئے اپنی جان نچھاور کی ۔ان خیالات کا اظہار کمانڈر پونچھ برگیڈ نے پونچھ میںذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہندوستانی فوج نے آزادی سے لیکر ابھی تک سرحدوں پر اور ملک کے آندر جو بھی حالات اور مشکلیں پیش آئیں ان کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔ آفسر موصوف کا کہنا تھا کہ پونچھ کے لوگوں نے ہمیشہ فوج کے ساتھ کاندھے سے کاندھا ملا کر ملک کی سالمیت کے لئے کام کیا جس کی مثال 1965میں مولوی غلام دین اشوک چکر 1971میں مالی بی پدم شری اور پدم شری شمبو ناتھ کھجوریہ ہیں جنہوں نے سرحدی علاقوں میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے اپنا اہم کردار نبھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج پولیس اور عوام کندھے سے کندھا ملا کر کام کر رہے ہیں تاکہ ملک میں امن چین اور شانتی برکرار رکھی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ پونچھ کے نوجوان پڑھائی کھیل کود اور دوسری سرگرمیوں میں اپنے جھنڈے گاڑ چکے ہیں۔آفیسر موصوف نے کہا کہ ملک کا آنے والا کل بہتر ہوگا۔

 

حکومت کی’ ہر گھر ترانگا مہم ‘،راجوری، پونچھ میں ریلیاں نکالی گئیں
سمت بھارگو
راجوری //راجوری اور پونچھ اضلاع کے مختلف علاقوں میں ہفتہ کے روز بڑی تعداد میں ترنگا ریلیاں نکالی گئیں۔ان میں سے ایک ریلی کا انعقاد ضلع انتظامیہ راجوری اور پولیس انتظامیہ راجوری نے کیا تھا جسے ڈسٹرکٹ پولیس لائن راجوری سے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس راجوری پونچھ رینج ڈاکٹر حسیب مغل، ڈپٹی کمشنر راجوری وکاس کنڈل، سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس راجوری نے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔اس موقعہ پر ایس ایس پی راجوری محمد اسلم پولیس، سول انتظامیہ، سی آر پی ایف کے دیگر سینئر افسران کے ساتھ اس ریلی میں ہزاروں کی تعداد میں اسکولی طلباء ، رضاکاروں، تاجروں، سول سوسائٹی کے اراکین اور اساتذہ نے حصہ لیا جو کہ ڈسٹرکٹ پولیس لائنز راجوری سے شروع ہو کر ڈاک بنگلہ روڈ سے گزر کر گجر منڈی جنگی یادگار پر اختتام پذیر ہوئی۔بعد ازاں جموں و کشمیر پولیس کے بینڈ نے مصروف گجر منڈی بازار میں قومی ترانہ اور حب الوطنی کے گیت گائے اور لوگوں کی بڑی تعداد نے اسے دیکھا۔اسی طرح کی ترنگا ریلی پونچھ کے مینڈھر میں لائن آف کنٹرول پر ہامیر پور میں فوج نے نکالی جس میں سینکڑوں طلباء اور دیہاتیوں نے حصہ لیا۔راجوری کے ڈونگی علاقے میں لائن آف کنٹرول کے قریب سمیاں گاؤں میں فوج کی راشٹریہ رائفلز نے ہر گھر ترنگا پروگرام کا انعقاد کیا جس میں اسکول کے سینکڑوں طلباء نے حصہ لیا جبکہ اسی طرح کی ایک تقریب کیری کے ٹینڈر فٹ اسکول میں بھی منعقد کی گئی۔راجوری اور پونچھ کے دیگر علاقوں میں بھی ایسی درجنوں ترنگا ریلیاں نکالی گئیں تاکہ اتحاد اور امن کا پیغام دیا جا سکے۔