حج پروازوں کا آغاز ۔ 630عازمین کو لیکر سعودی عرب کیلئے دو طیارے روانہ

۔ 21جون تک قافلے نکلیں گے،لیفٹیننٹ گورنر نے ائر پورٹ پر رخصت کیا

سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں وکشمیر یوٹی کے عازمین حج کے پہلے قافلے کو آج سرینگر بین الاقوامی ہوائی اَڈے سے ہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے عازمین حج کے ساتھ بات چیت کی اور اُنہیں اَپنی مبارک باد اور نیک خواہشات کا اِظہار کیا۔اُنہوں نے کہا ’’ میں ان مبارک عازمین کی کامیاب حج کے لئے دعاگو ہوں جو حج کی ادائیگی کے لئے مقدس سفر پر روانہ ہو رہے ہیں ‘ ۔اُنہوں نے جموں وکشمیر کیلئے اَمن ، خوشحالی اور اِس کے لوگوں کی بھلائی کے لئے بھی دعا کی۔ بمنہ حج ہائوس میں کافی چہل پہل اور جوش و خروش دیکھائی دیا، جہاں عازمین حج نعروں کی گونج میں اپنے احباب و اقارب کی معیت میں جمع ہو رہے تھے۔

 

 

 

کئی گھنٹوں تک حج ہاوس میں قیام کے بعد عازمین کو ٹی آر سی کی خصوصی گاڑیوں کے ذریعے سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے کی طرف روانہ کیا گیا۔ہوائی اڈے پر تین بجے کے قریب حاجیوں کے پہلے قافلے کو لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔حکام کے مطابق سرینگر ہوائی اڈے سے 315 عازمین پر پہلی پرواز 3 بجے جدہ کیلئے روانہ ہوئی جبکہ اتنے ہی عازمین پر مشتمل دوسری پرواز 7 بجے شام روانہ ہوئی۔ گذشتہ 10 برسوں میں پہلی بار سری نگر ہوائی اڈے سے حج پرواز براہ راست جدہ روانہ ہوئی۔سرینگر بین الاقوامی ہوائی اَڈے سے 7؍ جون سے 22؍ جون کے درمیان کل 40 پروازیں چلیں گی۔ اِس برس جموںوکشمیر یوٹی سے تقریباً12,079 اور لداخ یوٹی کے 452 عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے۔عازمین حج کا جدہ میں قونصلیٹ جنرل آف اِنڈیا مرکزی وزارتِ خارجہ کی طرف سے اِستقبال کیا جائے گا۔اِس موقعہ پر چیئر مین حج کمیٹی،چیف سیکریٹری ،اے ڈی جی پی کشمیر ، صوبائی کمشنر کشمیر، ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگاماور جموںوکشمیر حج کمیٹی کے اَرکان ، ائیر پورٹ اَتھارٹی ، سول اور پولیس اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران موجود تھے۔ائیر پورٹ حکام کا کہنا ہے کہ ہوائی اڈے پر عازمین حج کو انٹری گیٹ سے ہوائی جہاز تک پہنچانے کے لئے ایک الگ علاقہ مختص کیا گیا ہے اور اس کے علاوہ احرام پہننے کے لئے عازمین کے لئے الگ الگ جگہیں رکھی گئی ہیں۔حکام نے بتایا کہ عازمین کے سامان کی چیکنگ کے لئے حج ہائوس بمنہ میں خصوصی کائونٹرز قائم کئے گئے ہیں۔