حجا ب یا عبایہ پر کوئی پابندی نہیں طالبات وردی کے اوپر کچھ بھی پہن سکتی ہیں :پرنسپل سیکریٹری

یو این آئی

سرینگر//جموں وکشمیر ایجوکیشن محکمہ کے پرنسپل سیکریٹری آلوک کمار نے کہاہے کہ یونین ٹریٹری میں حجاب یا عبایہ پر کوئی پابندی عائد نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ ویشو بھارتی سکول کی پرنسپل نے اس حوالے سے کوئی آرڈر نہیں نکالا۔ آلوک کمار کا کہنا تھا کہ وردی کے اوپر طالبات جو بھی پہنیں انہیں اس کی پوری اجازت ہے۔ نیوز پورٹل کے ساتھ بات چیت کے دوران انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں حجاب یا عبایہ پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی ہے۔

 

 

انہوں نے کہاکہ جوں ہی یہ معاملہ سامنے آیا ہم نے اس کا نوٹس لیا اور فوری طورپر پرنسپل اور اسکول انتظامیہ کے ساتھ بات کی۔ان کے مطابق اسکول پرنسپل نے حجاب یا عبایہ پر کوئی پابندی عائد نہیں کی اور نہ ہی اسکول انتظامیہ کی جانب سے اس حوالے سے کوئی آرڈر نکالا گیا۔موصوف پرنسپل سیکریٹری کا کہنا تھا کہ حجاب یا عبایہ کے نیچے اسکول وردی پہننا لازمی ہے اور یہ کوئی غلط بات نہیں،ان کے مطابق ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں حجاب یا عبایہ پر کوئی پابندی عائد نہیں اور طالبات وردی کے اوپر جو بھی پہننا چاہتے ہیں انہیں اس کی پوری آزادی حاصل ہے۔گنڈ حسی بٹ میں پرنسپل کی گرفتاری کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں آلوک کمار نے بتایا کہ یہ شرمندگی کی بات ہے کہ پرنسپل کو اس طرح کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ پولیس نے معاملے کی فوری کارروائی عمل میں لا کر پرنسپل کو حراست میں لیا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ مستقبل میں ایسا کوئی واقع پیش نہ آئے اس کے لئے اقدامات اْٹھائے جارہے ہیں۔ دریں ا محکمہ تعلیم کے پرنسپل سیکریٹری الوک کمار نے وشیو بھارتی ہائر سکنڈری اسکول رعناواری کا دورہ کیا اور وہاں پر عہدیداروں کے ساتھ ملاقات کی۔ دورے کے دوران پرنسپل سیکریٹری نے طالبات کی جانب سے احتجاج کرنے کا مسئلہ اٹھایاجس دوران پرنسپل نے آلوک کمار کوبتایا کہ اسکول انتظامیہ نے اس حوالے سے کوئی آرڈر نہیں نکالا ہے۔