حادثاتی گولی لگنے سے نوجوان جاں بحق ملوث پولیس کانسٹیبل گرفتار، کیس درج

شاہد ٹاک

شوپیان// پولیس نے بدھ کے روز ایک پولیس اہلکار کو گرفتار کیا جس کی سروس رائفل مبینہ طور پر غلطی سے چلی ، جس کے نتیجے میں پلوامہ کے ہال گائوںمیں ایک 25سالہ نوجوان کی موت واقع ہوئی۔ ملز م پولیس اہلکار کو غیر مسلح کر کے گرفتار کرلیا گیا اور اس کے خلاف راجپورہ پولیس تھانے میں کیس زیر نمبر 79/2022زیر دفعہ 304درج کیاگیا ہے۔اہل خانہ نے بتایا کہ صبح ساڑھے دس بجے کے قریب آصف اپنے چچچیرے بھائی فیاض احمد کیساتھ بونورہ پلوامہ میں پھوپھی کے پاس جانے کیلئے ایکساتھ نکلے۔

 

انکا کہنا ہے کہ فیاض اپنی سکوٹی چلا رہا تھا اور آصف پیچھے بیٹھا ہوا تھا۔ہال پلوامہ پل پر چنار درخت کے بالکل قریب پولیس ناکہ پار کرتے ہی آصف کے سر پر گولی لگی اور زخمی ہوا۔فیاض نے فوراً سکوٹی روک لی اور گھروالوں کو فون پر اطلاع دی کی آصف کے سر میں گولی لگی ہے اور وہ شدید زخمی ہوا ہے۔اسکے بعد اسے صدر اسپتال سرینگر منتقل کردیا گیا جہاں وہ دم توڑ بیٹھا۔اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائیں کیونکہ انہیں پولیس بیان پر بھروسہ نہیں ہے۔ادھراے ڈی جی پی کشمیروجے کمار نے ایک بیان میں کہا ” ہال پلوامہ میں ڈیوٹی کے دوران، ایک پولیس اہلکار کی رائفل غلطی سے چلی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان گولی لگنے سے زخمی ہوا۔ زخمی نوجوان کو پولیس نے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا” ۔پولیس نے کہا کہ بعد میں، زخمی نوجوان محمد آصف پڈرو ولدمحمد ایوب پڈرو ساکن پوتروال شوپیان ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔