جی20سمٹ کے کامیاب انعقاد کے ساتھ جموں کشمیرنئے دور میں داخل لیفٹیننٹ گورنرکا نگروٹہ جموں میں70ہیکٹیئر پر پھیلے جمبو چڑیا گھر کا افتتاح

 نیوز ڈیسک

 

جموں// لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہانے نگروٹہ میں جموں وکشمیر یوٹی میں اَپنی نوعیت کے پہلے مکمل چڑیا گھر(جمبو چڑیا گھر) کا افتتاح کیا۔اُنہوں نے کہا،’’ کافی دیر سے اِلتوا میں پڑے اِس پروجیکٹ سے یوٹی کے سیاحتی منظرنامے میں اضافہ ہوگا اور پہلے مرحلے میں یہ پروجیکٹ 70 ہیکٹر رقبے پر محیط ہے ،کولنگویشنگ پروجیکٹ کے تحت لیا گیا ہے اور یہ مقامی باشندوں اور یونین ٹیریٹری میں آنے والے سیاحوں کو اَپنی طرف متوجہ کرے گا۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ آس پاس کی قدرتی خوبصورتی اسے ایک منفرد سیاحتی مقام بنائے گی اور اِس میں خطے میں سیاحت کو فروغ دینے کی صلاحیت ہے۔اُنہوں نے جموںوکشمیر کے ترقیاتی سفر پر بات کی اور مقامی لوگوں ، سیاحوں کے لئے بہتر سہولیات فراہم کرنے اور سب کے لئے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔

 

 

 

لیفٹیننٹ گورنرنے کہا،’’ جموں وکشمیر یوٹی ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔ہم نے تیز رفتار ترقی کے بہت سارے مراحل طے کئے ہیں۔ ہم اب ایک ایسے مرحلے پر ہیں جہاں ہمیں اس ترقی کو تیز کرنے ، اسے مزید جامع بنانے اور یوٹی کی صلاحیت کو حقیقت میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ جی ۔20 سربراہی اِجلاس کے کامیاب اِنعقاد سے جموںوکشمیر یوٹی مواقع کے ایک نئے دُور میں داخل ہو گیا ہے ۔ یہ ایک نادرموقعہ ہے کہ دُنیا جموںوکشمیر کی ترقی کو دیکھ رہی ہے ۔ ہمیں باقی ریاستوں کے ساتھ ترقی کی رفتارکو برقرار رکھنے کے لئے مل کر کام کرنا چاہیے اور وِکست بھارت ۔2047ء کے اہم کام میں حصہ اَدا کرنا چاہیے۔‘‘اُنہوں نے جموںوکشمیرحکومت معاشرے کے ہر طبقے کو بالخصوص نوجوانوں کو دیرپا او رجامع ترقی کے اہداف کے حصول میں بااِختیار بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،’’ ہمارے نوجوان نئے جموںوکشمیر کے معمار ہیں اور ہم نوجوان کا روباریوں میں مسلسل اِضافہ دیکھ رہے ہیں جو ایک خوشحالی معاشرے کی تعمیر اور ہماری تہذیبی ،ثقافتی اَقدار اور اَمن کے لئے ہماری وابستگی کے تحفظ کے لئے لگن کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔‘‘

 

 

 

اُنہوں نے کہا کہ تاریخی جی۔20سربراہی اِجلاس اور جموںوکشمیر یوٹی حکومت کی اِصلاحی نوجوانوں پر مرکوز کوششو ںنے جموں وکشمیر کے نوجوانوں کو سماجی و اِقتصادی طور پر بااِختیار بنانے کے مواقع کھولے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ صر ف ایک برس کے اَندر زائد اَز82,000 کاروباری یونٹ قائم کئے گئے ہیں جو 2.85 لاکھ نوجوانوں کو براہ راست روزگار کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ مشن یوتھ کے تحت ہم نے 70,000نوجوان لڑکوں او رلڑکیوں کو خود اَنحصاری کے لئے ہاتھ بڑھایا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ لنگویشنگ پروجیکٹ کے تحت جموں وکشمیر یوٹی نے کامیابی سے 1,500 پروجیکٹوں کو مکمل کیا ہے جو گذشتہ 10سے 20برسو ں تک زیر اِلتوأ تھے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہمارے شہر سمارٹ شہروں میں تبدیل ہو رہے ہیں اور ہمارے گائوں ترقی کے مرکزی دھارے میں مزید مربوط ہو رہے ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کو ہر علاقے کی صلاحیتوں کا اِدراک کرنے کے لئے مضبوط کیا جائے گا۔اُنہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ خطے میں سیاحت اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لئے حکومت کی کوششوں میں تعاون کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے جمبو چڑیا گھر میں ایک ماہ کے لئے سب کے لئے مفت داخلہ کا اعلان کیا ۔ اُنہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ سری وینکٹیشور ا سوامی مندر 8؍ جون کو لوگوں کے لئے وقف کیا جائے گا۔