جھیل ڈل میں صفائی مہم کی پیش رفت ، چیف سیکریٹری کا جائزہ جھیل کے ماحولیاتی نظام کو منصوبہ بند طریقے سے مؤثر بنانے پر زور

سرینگر //چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے ڈل جھیل کا ایک تفصیلی دورہ کیا تا کہ وہاں جھاڑیوں کو ختم کرنے اور صفائی ستھرائی کے کئی کاموں کی پیش رفت کا معائینہ کیا جا سکے ۔ صفائی کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے انہوں نے افسران کی ٹیم کو ہدایت دی کہ وہ اب تک حاصل کی گئی پیش رفت کو آگے بڑھائیں اور جھیل کی صفائی کے ضروری کاموں کو منصوبہ بند اور موثر انداز میں کریں تا کہ جھیل کے ماحولیاتی نظام کے انتظام کا جائیزہ لیا جا سکے ۔

 

چیف سیکرٹری نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ مشن موڈ میں جھیل کی صفائی کا کام کریں اور اکتوبر تک للی پیڈ کو مکمل طور پر نکالیں ۔ انہوں نے انہیں ڈل کے اندرونی حصوں کی صفائی پر توجہ دینے اور اکتوبر تک اپریٹرز کی تنصیب مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ ڈاکٹر مہتا نے مزید ہدایات دیں کہ جھیل کی صفائی کے کاموں کو تیز کرنے کیلئے مشینوں کیلئے کام کرنے والی شفٹوں میں اضافہ کیا جانا چاہئیے اور تمام نیویگیشن چینلز کو اپریشنل کیا جانا چاہئیے ۔ کھیلوں کی سرگرمیوں اور ان کے فروغ کو حکومت کا ترجیحی شعبہ قرار دیتے ہوئے چیف سیکرٹری نے متعلقہ افراد کو ڈل میں واٹر سپورٹس کی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرنے کی ہدایت دی جس سے کئی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو بڑھاوا ملے گا ۔ بعد میں چیف سیکرٹری نے ڈل جھیل کے وسط میں واقع چار چنار کا دورہ کیا جسے چنار کے درختوں کی کامیاب پیوند کاری کے بعد ایک نئی زندگی ملی ہے ۔ جے اینڈ کے محکمہ جنگلات نے متعلقہ محکموں کے تکنیکی ماہرین کی مشاورت سے فروری 2022 میں دو لمبے چناروں کی پیوند کاری کی تھی ۔