جھارکھنڈ میں بجلی گرنے سے 12 افراد لقمۂ اجل

ایجنسیز

نئی دہلی //جھارکھنڈ میں گزشتہ دو دنوں سے تیز ہوائیں چل رہی ہیں اور موسلادھار بارش بھی ہو رہی ہے۔ اس کا نتیجہ یہ ہے کہ ریاست کے مختلف علاقوں میں بجلی گرنے سے دو دنوں میں 12 لوگوں کی جان چلی گئی ہے۔ دھنباد ضلع کے برودا علاقہ میں بجلی گرنے سے ایک خاتون اور اس کی بیٹی ہلاک ہو گئی، جبکہ جمشید پور کے باہراگورا علاقہ اور گملا ضلع کے چیرودیہہ علاقے میں بھی بجلی گرنے سے دو لوگوں کی موت ہو گئی۔ ان ہلاکتوں کے بعد جھارکھنڈ حکومت نے مہلوکین کے کنبوں کو 4-4 لاکھ روپے بطور معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ دو دنوں سے جھارکھنڈ میں تیز ہوائیں چل رہی ہیں اور بارش بھی ہو رہی ہے۔ اس وجہ سے کئی مقامات پر درخت اور بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے ہیں۔ رانچی موسمیاتی محکمہ کے افسر نے بتایا کہ شمالی بہار و شمالی اڈیشہ سے اور ہریانہ سے سکم کے درمیان دو طرف سے لائنوں کے گزرنے سے جھارکھنڈ میں بجلی کڑکنے کا واقعہ پیش آیا۔