جوائنٹ ڈائریکٹر کا دھریوڑی بی پنچائت کا دورہ عوامی مسائل و ترقیاتی کاموں کا برسر موقعہ جائزہ لیا

اشتیاق ملک

ڈوڈہ //بیک ٹو ولیج کے چوتھے مرحلے کے تحت محکمہ روزگار کے جوائنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد ملک (جے کے اے ایس) نے ڈوڈہ ضلع کے بلاک بھلیسہ کی پنچائت دھریوڑی بی کادورہ کرکے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے سب ڈویژنل انتظامیہ کی میٹنگ طلب کرتے ہوئے آفیسروں و ملازمین پر زور دیا کہ وہ عوامی مسائل کے حل کیلئے ہر وقت کوشاں رہیں۔ اس موقع پر سب ڈویژنل مجسٹریٹ ارون کمار بڈیال، بی ڈی سی چیئرمین گندوہ چوہدری محمد حنیف، بی ڈی سی چیئرمین چنگا محمد عباس راتھر، ایگزیکٹیوانجینئر مشتاق احمد کے علاوہ پنچائتی اراکین و مختلف محکموں کے افسران و ملازمین موجود رہے۔ مقامی لوگوں نے کئی مسائل سے انہیں آگاہ کیا جس میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی، ہسپتالوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، پینے کے صاف پانی کی کمی، منریگا و دیگر سکیموں میں فنڈس کی عدم دستیابی شامل ہیں۔انہوں نے لوگوں کو یقین دلایا کہ ان مطالبات کو متعلقہ حکام کی نوٹس میں پہنچا کر ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔جوائنٹ ڈائریکٹر نے آفیسروں کو ہدایت دی کہ وہ صاف و شفاف طریقے سے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں اور کسی بھی قسم کی لاپرواہی برتنے سے احتیاط کریں۔ اس دوران انہوں نے آئی ٹی آئی کالج بھنگرو کے لئے نئی سڑک کابھی سنگ بنیاد رکھا۔