جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کے حد اختیار میں تاریخوں کا فیصلہ کمیشن کے ہاتھ میں | دفعہ 370کی منسوخی کے بعد ہرسُو ترقی، تشدد اور بد امنی کی جگہ امن نے لے لی :پوری

 

نیوز ڈیسک

جموں//جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن آف انڈیا کے حد اختیار میں ہے اور وہی تاریخوں کا فیصلہ کر سکتاہے ۔یہ بات پٹرولیم اور قدرتی گیس کے مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے کی۔انہوںنے کہا کہ دفعہ 370کی منسوخی کے بعد جموں کشمیر ترقی کے ہر مرحلے سے گزر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر ایک طویل مدت کے بعد تشدد اور بد امنی سے باہر نکل چکا ہے اور اب یہاں امن و امان کی صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے۔ پوری نے کہا کہ صحیح لوگ جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد مناسب وقت پر کریں گے ۔

 

انہوں نے کہا کہ الیکشن کا انعقاد الیکشن کمیشن آف انڈیا کے حد اختیار میں ہے اور انہیںجب صیح لگتا ہے تو وہ جموں کشمیر میں انتخابات کرائیں گے ۔ انہوںنے مزید کہا کہ جموں و کشمیر دفعہ 370 اور 35 اے کی منسوخی کے بعد تبدیلی کے ایک مرحلے سے گزر رہا ہے۔ ہردیپ سنگھ پوری نے کہا کہ پہلے جموں کشمیر میں ہڑتالیں اور تشدد تھا تاہم اب جموں کشمیر ایک طویل شورش سے باہر آ رہا ہے اور یہاں امن و امان کی صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے۔پوری نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بعد، جموں و کشمیر میں زمینی صورتحال بتدریج تیز رفتاری سے بدل رہی ہے۔

 

انہوں نے کہا ’’جموں و کشمیر کے بچے اب قومی سطح کے مقابلوں میں کوالیفائی کر رہے ہیں اور اس خطے کی معاشی بحالی میں حصہ لینے کے قابل ہو رہے ہیں۔‘‘انہوں نے کہا کہ اگر سیکورٹی صورتحال اجازت دیتی ہے تو سرمایہ کاری خود بخود یونین ٹیریٹری میں آنا شروع ہو جائے گی۔