جموں و کشمیر کے لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے دفعہ 370، 35 اے کو منسوخ کیاگیا یوٹی کی ہمہ جہت ترقی کیلئے پرعزم، جموں و کشمیر میں ترقی، امن اور خوشحالی وزیر اعظم مودی کی قیادت والی حکومت کی اولین ترجیح :اٹھاولے

 نیوز ڈیسک

جموں// حکومت ہند میں سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے مرکزی وزیر مملکت رام داس اٹھاولے نے کہا کہ مرکزی حکومت جموں و کشمیر کو ہر محاذ پر ترقی دینے کے لیے پرعزم ہے۔ آرٹیکل 370 اور 35 اے کو جموں وکشمیر کی ترقی میں رکاوٹوں کی وجہ سے جموں و کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے منسوخ کر دیا گیا تھا۔ وزیر نے ان باتوں کا اظہار جموں میں منعقدہ پریس بریفنگ کے دوران میڈیا سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔ بجٹ ’آتم نربھر بھارت کا بجٹ‘ قرار دیتے ہوئے اٹھاولے نے کہا کہ مالی سال 2022-23 کے مقابلے میں، مالی سال 2023-24 میں محکمہ سماجی بہبود کے لیے 10.18 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگلے تین برسوں میں 740 ایکلیوا ماڈل رہائشی اسکولوں کے لیے 38,880 اساتذہ اور معاون عملہ بھرتی کیا جائے گا۔ریلوے کو بھی 2.4 لاکھ کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ مالی سال 2023-24 میں 2.4 لاکھ کروڑ روپے، وزیر نے بتایا۔

 

اٹھاولے نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ترقی، امن اور خوشحالی وزیر اعظم مودی کی قیادت والی حکومت کی اولین ترجیح ہے جو اب لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے جموں و کشمیر میں مختلف شعبوں میں ہزاروں کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کے آغاز سے ظاہر ہے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے کئی برسوں سے جموں و کشمیر کے لئے ترقی کے دروازے کھل گئے ہیں جو اس حقیقت سے ظاہر ہے کہ مرکزی اسپانسر شدہ تمام اسکیموں اور پروگراموں جیسے پردھان منتری آواس یوجنا، جن دھن یوجنا، مدرا، پی ایم اجولا یوجنا، طلباء کے لئے سکالرشپ سکیمیں، درج فہرست ذاتوں، درج فہرست قبائل اور دیگر پسماندہ طبقات کے لیے فلاحی سکیمیں اب جموں و کشمیر میں نافذ ہیں۔اٹھاولے نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر میں بہت سی مرکزی سکیموں کا سو فیصد نفاذ حکومت ہند کی جانب سے جموں و کشمیر کے لوگوں کو ہر محاذ چاہے وہ رہائش ، ذریعہ معاش، وغیرہ ہو، پر سماجی استحکام فراہم کرنے کے لیے ثابت قدمی کا نتیجہ ہے۔وزیر موصوف نے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے دور میں جموں و کشمیر میں سماجی بہبود کی اسکیموں پر عمل آوری میں تیزی آئی ہے جو اس حقیقت سے ظاہر ہے کہ پی ایم جن دھن یوجنا کے تحت 2014-2023 (مارچ) کے درمیان 48 کروڑ 36 لاکھ بنک کھاتے کھولے گئے جن میں سے جموں و کشمیر میں 26 لاکھ 32 ہزار کھاتے کھولے گئے ہیں۔ پی ایم اجولا یوجنا کے تحت 2016-22 (مارچ) کے درمیان، جموں و کشمیر میں استفادہ کنندگان کو 12 لاکھ 45 ہزار گیس کنکشن الاٹ کیے گئے ہیں۔ پی ایم آواس یوجنا (شہری) کے تحت 2015-23 (مارچ) کے درمیان جموں و کشمیر میں 20 ہزار 7 سو مکانات تعمیر کیے گئے، پی ایم آواس یوجنا (دیہی) کے تحت 2014-23 (مارچ) کے درمیان، جموں و کشمیر میں 13 ہزار 8 سو مکانات تعمیر کیے گئے، پی ایم جن آروگیہ یوجنا کے تحت جموں و کشمیر میں 07 لاکھ 66 ہزار مستفید ہوئے ہیں اور اْجالا یوجنا کے تحت جموں و کشمیر میں 84 لاکھ 86 ہزار ایل ای ڈی بلب فراہم کیے گئے ہیں۔ وزیر نے بتایا کہ 2019-23 (مارچ) کے درمیان 1720 ڈی ایڈکشن مراکز کے قیام کے لیے مالی امداد کے تحت یا تو فنڈ فراہم کیے گئے ہیں یا قائم کیے گئے ہیں۔