جموں و کشمیر میں 15 سے 19 اگست تک | وسیع بارشوں کا امکان: محکمہ موسمیات

نیوز ڈیسک
سرینگر//محکمہ موسمیات نے ہفتہ کو جموں و کشمیر میں 15 اگست سے کئی علاقوں میں وسیع بارش کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انکی جانب سے 7 دنوں کیلئے جاری کی گئی پیش گوئی کے مطابق19اگست تک مجموعی طور پر مطلع ابر آلود رہے گا اور کبھی کبھار گرج چمک کیساتھ بارش بھی ہوسکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 15اگست کی صبح اچھی خاصی بارش کا دورانیہ ہوگا جس کے بعد باقی ایام میں کہیں کہیں ہلکی بارش کا امکان ہے۔انکا مزید کہنا تھا کہ موسمیاتی سسٹم ابھی 19 اگست کو 76 سے 100 فیصد تک بارش کا امکان ظاہر کررہا ہے لیکن کبھی سات روز قبل موسمیاتی پیش گوئی کرکے بعد میں موسم تبدیل بھی ہوتا ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ وادی میں شبانہ درجہ حرارت کم ہونے کے آثار شروع ہوگئے ہیں اور گذشتہ شب 20ڈگری سے کم درجہ حرارت دریکارڈ کیا گیا۔