جموں وکشمیر کوسخت ترین چیلنجوں کاسامنا،موجودہ صورتحال وسیع اتحاد و اتفاق کی متقاضی ایک جُٹ ہوکر ہی سروخرو ہوسکتے ہیں،ٹولیوں میں بَٹ گئے تو کوئی بھی مقصد حاصل نہیں کرسکتے: ڈاکٹر فاروق

کشتواڑ//صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ وڑون اورمڑواہ کے 4روزہ دورے کیلئے ضلع کشتواڑ پہنچے ۔ دورے کے دوران وہ پارٹی عہدیداران اور کارکنان کے اجلاسوں میں شرکت کے علاوہ عوامی اجتماعات سے بھی خطاب کریں گے اور مقامی لوگوں سے بھی ملیں گے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سنتھن کے راستے کشتواڑ کا سفر کیا جبکہ اس سے قبل کوکرناگ میں پارٹی کے نائب صدر صوبہ سید توقیر احمد کے علاوہ پارٹی لیڈران، عہدیداران اور کارکنان نے پارٹی صدر کا خیر مقدم کیا۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے ہمراہ پارٹی جنرل سکریٹری حاجی محمد ساگر، ترجمانِ اعلیٰ تنویر صادق، رکن پارلیمان برائے جنوبی کشمیر جسٹس (ر) حسنین مسعودی اور خطہ چناب کے زون صدر سجاد احمد کچلو بھی تھے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اس موقعے پر پارٹی سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ وہ لوگوں کیساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور موجودہ و آنے والے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے پُرعزم اور ثابت قدم رہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کو اس وقت سخت ترین چیلنجوں کے مقابلے کا سامنا ہے اور موجودہ صورتحال وسیع اتحاد و اتفاق کی متقاضی ہے۔ ایک جُٹ ہوکر ہی ہم تمام چیلنجوں کا سامنا کرسکتے ہیں اور اگر ہم ٹولیوں میں بَٹ گئے تو ہم کوئی بھی مقصد حاصل نہیں کرسکتے ہیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اپنے ایجنڈا پر قائم و دائم ہے اور ہماری جماعت ہر حال میں جموںوکشمیر کی خصوصی پوزیشن کی بحالی کیلئے جدوجہد کرتی رہے گی لیکن اس کیلئے عوامی تعاون اور اشتراک اولین شرط ہے۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس جموں وکشمیر کے عوام کے حقوق کی بحالی کیلئے قانونی، جمہوری اور سیاسی جدوجہد میں مصروفِ عمل ہے۔ حقوق کی بحالی کیلئے قانونی اور آئینی جدوجہد سپریم کورٹ میں جاری ہے اور جمہوری وسیاسی جدوجہد میں عوام کو اپنا رول نبھانا ہوگا۔