جموں وکشمیربینک کا84واں یوم تاسیس مہاراجہ ہری سنگھ کی دوراندیشی کو ادارے کے سربراہ کاخراج

سرینگر//جموں کشمیربینک نے 84ویں یوم تاسیس پراس کے بانی مہاراجہ ہری سنگھ کو ایک تقریب پریاد کیا۔ایک یادگاری تقریب جس میں بینک کے جنرل منیجر،ڈپٹی جنرل منیجراوردیگراعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی،کی صدارت کرتے ہوئے بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر اورچیف ایگزیکیٹو افسر بلدیو پرکاش نے مہاراجہ ہری سنگھ کوان کی دوراندیشی کیلئے شاندارخراج پیش کیا۔انہوں نے مہاراجہ کی تصویر کوپھولوں کاہارپہنایا ۔اس موقعہ پرانہوں نے کہاکہ1920کے اواخر میں مہاراجہ ہری سنگھ نے قرضہ کی سہولیات تک رسائی نہ ہونے سے جموں کشمیرکے لوگوں کی اقتصادی محرومی کو محسوس کیا اوراس کیلئے ایک بینک کھولنے کابیڑااُٹھایاجو کافی بحث ومباحثوں کے بعدیکم اکتوبر1938کو وجود میں لایاگیا۔ انہوں نے کہا کہ اس دن ہم پورے جموں کشمیر بینک کی طرف سے مہاراجہ کوشاندارخراج عقیدت پیش کرتے ہیں جن کی دوراندیشی اورنظریہ سے یہ مالی ادارہ معرض وجود میں آیا۔منیجنگ ڈائریکٹر نے مزیدکہا کہ تمام متعلقین معہ2کروڑکھاتہ داروں کے بھروسے اور اعتماد،2500بزنس پوائنٹوں،اور2لاکھ کروڑروپے کی بزنس سے بینک مہاراجہ کی وراثت کوآگے لیجارہا ہے۔