جموں میں ڈینگی سے مزید 22متاثر | مجموعی تعداد 8062،کوئی تازہ موت نہیں

پرویز احمد
سرینگر //جموں صوبے میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی سے مزید 22افراد متاثر ہوئے ہیں اور اسطرح ڈینگی سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 8062ہوگئی ہے۔ اس دوران جموں صوبے میں اتوار کو ڈینگی سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ ڈینگی سے مرنے والوں کی تعداد 18 ہوگئی ہے۔ ڈویژنل نوڈل آفیسر جموں ڈاکٹر ہرجیت رائے نے کہا ’’ اتوار کو جموں صوبے میں ڈینگی کی تشخیص185 ٹیسٹ کئے گئے جن میں 7 بچو ں سمیت 22افراد کے ڈینگی سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے‘‘۔ڈاکٹر رائے نے بتایا کہ متاثرین میں 7خواتین اور 15مرد شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں کسی شخص کے ڈینگی سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، وہاں لوگوں کو ڈینگی سے بچائو کی جانکاری اور متاثرہ علاقوں میں کیمیائی ادویات کا چھڑکائو کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق 22متاثرین میں ضلع جموں میں سب سے زیادہ 13، سانبہ میں ایک، کٹھوعہ میں ایک ، ادھمپور میں 3، ریاسی میں ایک، کشتواڑ میں ایک اور رام میں ڈینگی متاثرہ ایک شخص کی تصدیق ہوئی ہے۔ اتوار کو کشمیر صوبے سے تعلق رکھنے والے ایک اور شخص میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے اوراسطرح ابتک وادی سے تعلق رکھنے والے 14افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے۔ جموں و کشمیر میں مجموعی طور پر ڈینگی کی تشخیص کیلئے29ہزار 582ٹیسٹ کئے گئے جن میں 8062افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے۔