جموں میں جل شکتی میں تعینات ڈیلی ویجروں کا احتجاج جاری

جموں//جموں وکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں میں جل شکتی میں تعینات ڈیلی ویجروں نے ہفتے کے روز زبردست احتجاجی مظاہرئے کئے۔مظاہرین نے حکومت کودھمکی دی کہ اگر اْن کی مانگوں کو جلد ازجلد پورا نہیں کیا گیا تو پورے جموں صوبے میں احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ جموں میں جل شکتی میں تعینات ڈیلی ویجروں نے ہفتے کے روز بھی احتجاجی مظاہرئے کئے جس دوران وہ انتظامیہ اور بھاجپا کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران مظاہرین نے کہاکہ پچھلے کئی دنوں سے وہ احتجاج پر ہیں لیکن سرکار ٹس سے مس نہیں ہو رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ موجودہ انتظامیہ نے ڈیلی ویجروں کی مستقلی کا وعدہ کیا ہے لیکن ابھی تک یہ وعدہ وفا نہیں ہو سکا۔انہوں نے مزید کہاکہ ہمیں سڑکوں پر آنے کا کوئی شوق نہیں ، ہم سرکار سے اپیل کرتے ہیں کہ ملازمین کو سخت قدم اْٹھانے پر مجبور نہ کیا جائے۔مظاہرین نے بتایا کہ پچھلے کئی برسوں سے وہ پی ایچ ای محکمہ میں اپنے فرائض خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں تاہم اب صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔بتادیں کہ گزشتہ دنوں بھی جل شکتی میں تعینات ڈیلی ویجروں نے جموں کے توی پل پر دھرنا دیا جس وجہ سے پورے جموں شہر میں چار گھنٹے تک ٹریفک جام کے مناظر دیکھنے کو ملے تھے۔