جموں میں بے دخلی مہم کے دوران پتھرائو ڈی ڈی سی ممبر سمیت 8گرفتار

نیوز ڈیسک

جموں//جموں کے ملک مارکیٹ علاقے میں ہفتہ کو تجاوزات کے خلاف مہم کے دوران پتھراؤ کے واقعہ کے سلسلے میں جموں و کشمیر پولیس نے اب تک 8 لوگوں سمیت ضلع ترقیاتی کونسل کے ایک رکن کو گرفتار کیا ہے۔پولیس نے کہا ہے کہ لوگوں نے ملک مارکیٹ میں بے دخلی مہم چلانے والی ٹیم پر پتھراؤ کیا اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا، جس سے امن و امان کا مسئلہ پیدا ہوا۔انہوں نے کہا کہ پولیس کو مظاہرین کو منتشر کرنے اور حالات کو قابو میں رکھنے کے لیے آنسو گیس کے گولے داغنے پڑے۔انہوں نے کہا”واقعے کے بعد قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کیا گیا تھا اور تحقیقات کو حرکت میں لایا گیا تھا جس کے دوران بہت سے پتھراؤ کرنے والوں کی شناخت کی گئی تھی۔”انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اکسانے کے الزام میں اب تک8 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں کچھ شناخت شدہ پتھر باز اور چند دیگر لوگ شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کے ڈوڈہ سے ڈی ڈی سی ممبر معراج ملک کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔