جموں میں بین الاقوامی سرحد محفوظ امسال دراندازی کی 7کوششیں کی گئیں:بی ایس ایف

نیوز ڈیسک

جموں// انسپکٹر جنرل بارڈر سیکورٹی فورس، جموں فرنٹیئر، ڈی کے بورا نے بدھ کو کہا کہ بین الاقوامی سرحد واقعات سے پاک اور مکمل طور پر محفوظ ہے۔انہوں نے تاہم دعویٰ کیا کہ اس سال اب تک دراندازی کی سات کوششوں کو ناکام بنایا گیا ہے۔وہ پلورہ میں جموں فرنٹیئر ہیڈ کوارٹر میں بی ایس ایف کے یوم تاسیس کے موقع پر میڈیا سے بات کر رہے تھے۔انکا کہنا تھا کہ جموں میں سرحدیں مکمل طور پر محفوظ ہیں، اگرچہ سرحد پار سے کئی بار دراندازی کی کوششیں کی گئیں لیکن ہر بار انہیں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔انہوں نے مزید کہا، “اس سال اب تک ملی ٹینٹوں کی طرف سے ہندوستان پاکستان بین الاقوامی سرحد پر دراندازی کی سات کوششیں کی گئیں لیکن ہمارے چوکس جوانوں نے انہیں کامیابی سے ناکام بنا دیا۔”یہی نہیں، بورا نے کہا کہ ڈرون گرانے یا دراندازی کے دوران بھاری مقدار میں ہتھیار اور منشیات بھی برآمد کی گئی ہیں، جن میں چار اے کے 47 رائفلیں، سات پستول اور 50 کلو منشیات ہیروئن وغیرہ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون ہمارے لیے ایک چیلنج تھا لیکن اس کا بھی حل تلاش کر لیا گیا ہے۔ بی ایس ایف کے جوان جدید ہتھیاروں سے لیس ہیں، جو ڈرون کو بہت آسانی سے مار گرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور ان ہتھیاروں کی مدد سے ہم نے جموں کی سرحد پر ڈرون کے خطرے کو مکمل طور پر ناکام بنا دیا ہے۔بورا نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران، پاکستان نے ڈرون کی مدد سے ہندوستانی سرحد میں دراندازی کی کوشش کی لیکن بی ایس ایف کی جانب سے فوری اور الرٹ کارروائی کے بعد اسے واپس جانے پر مجبور کیا گیا۔یہی نہیں، آئی جی نے کہا کہ ڈرون کی مدد سے ہندوستانی سرحد میں گرائے گئے اسلحے اور منشیات کی کھیپ بھی برآمد ہوئی،جہاں تک ڈرون دراندازی کی تعداد کا تعلق ہے، میں اس کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا لیکن خطے میں کافی حد تک مسئلہ حل ہو چکا ہے۔