جموں صوبہ میں 74 ویں یومِ جمہوریہ پر رنگا رنگ تقریبات کا انعقاد | صوبائی دارالحکومت میں لیفٹیننٹ گورنراور ضلعی صدر مقامات پر ڈی ڈی سی چیئرپرسنز نے قومی پرچم لہرایا

نیوز ڈیسک
جموں//ملک کے دیگر حصوں کی طرح جموں خطے میں بھی یومِ جمہوریہ کی 74 ویں تقریبات کا اہتمام بڑے جوش و خروش کے ساتھ کیا گیا ۔ حب الوطنی کے جوش اور قومی جذبے کے ساتھ جموں ڈویژن میں 74 ویں یومِ جمہوریہ کا جشن منایا گیا ۔
جموں
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ایم اے سٹیڈیم میں 74 ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر یو ٹی سطح کی تقریب میں قومی پرچم لہرایا ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے یومِ جمہوریہ پریڈ کے دستوں کا معائینہ کیا اور سلامی لی ۔ یومِ جمہوریہ کی پریڈ میں فوج ، بی ایس ایف ، سی آر پی ایف ، ایس ایس بی ، آئی آر ایف ( خواتین اور مرد ) ، جموں و کشمیر پولیس ، جے کے اے پی ، یو ٹی ڈیزاسٹر رسپانس فورس ، جموں و کشمیر فائیر اینڈ ایمر جنسی سروسز ، جے اینڈ کے فاریسٹ پروٹیکشن فورس ، جے اینڈ کے ایکسائیز ڈیپارٹمنٹ ، این سی سی ( بوائیز اینڈ گرلز ) ، بھارت اسکاؤٹس اینڈ گائیڈس ( لڑکیاں اور لڑکے ) کے علاوہ کئی سکولی دستے ، فوج کے براس اینڈ پائپ بینڈ ، بی ایس ایف ، جے اینڈ کے پولیس ، جے اینڈ کے آرمڈ پولیس اور بینڈ ٹروپس ( لڑکی اور لڑکے ) ، مختلف سکولوں کے طلباء شامل تھے ۔ اس موقع پر مختلف سکولوں اور محکموں نے جموں و کشمیر کے ڈیجٹل سفر اور سوچھ بھارت مشن کے حوالے سے جادوئی پرفارمنس پیش کیں اور بیداری پھیلائی ۔ قبل ازیں لفٹینٹ گورنر نے پولیس شہداء کی یاد گار اور بلیدان ستمبھ پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور مادر ہند کے بہادر دلوں اور جنگی ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے ملک کی علاقائی سالمیت کی حفاظت کرتے ہوئے عظیم قربانیاں دیں ۔ یومِ جمہوریہ کی تقریبات میں چیف جسٹس ( اے ) جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ ، جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے ججز ، جموں و کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر ، مئیر جموں میونسپل کارپوریشن ، اراکین پارلیمنٹ ، ڈی ڈی سی چئیر پرسن جموں ، چیف سیکرٹری ، ڈی جی پی ، چئیر مین جے اینڈ کے وقف بورڈ ، یو ایل بیز اور پی آر آئیز کے منتخب نمائندے ، سابق قانون سازوں ، سینئر سول ، پولیس اور آرمی افسران ، سیاسی اور سماجی رہنما ، ممتاز شہری ، میڈیا پرسنز اور شہریوں نے شرکت کی ۔
ڈوڈہ
یوٹی کے دیگر حصوں کی طرح ڈوڈہ ضلع میں بھی یومِ جمہوریہ کی مناسبت سے تقریبات کا اہتمام کیا گیا جس میں سیول، پولیس و سیکورٹی فورسز کے اعلیٰ افسران، سرکاری ملازمین، سکولی بچوں و سیول سوسائٹی نے بھاری تعداد میں شرکت کی۔ضلع کی سب سے بڑی تقریب سپورٹس سٹیڈیم ڈوڈہ میں منعقد ہوئی جس میں ڈی ڈی سی کونسل چیئرمین دھنتر سنگھ کوشل نے ڈپٹی کمشنر وشیش پال مہاجن و ایس ایس پی عبدالقیوم موجودگی میں قومی پرچم لہرایا اور پریڈ پر سلامی لی۔ اس موقع پر سیول، پولیس و سیکورٹی فورسز کے اعلیٰ افسران، بی ڈی سی چیئرپرسنوں ،ڈی ڈی سی کونسلروں ،محکمہ بلدیہ کے اراکین و اسکولی بچوں نے بھی شرکت کی۔ پریڈ میں جے کے پی، ایس ایس بی، این سی سی، ایف پی ایف کے دستوں کے علاوہ مختلف سکولوں کے بچوں نے بھی حصہ لیا، جبکہ رنگارنگ ثقافتی و تمدنی پروگرام بھی پیش کیا گیا۔ایڈیشنل ضلع بھدرواہ میں میونسپل کمیٹی چیئرمین ڈاکٹر شاہد مغل نے اے ڈی سی دلمیر چوہدری و دیگر انتظامیہ کی موجودگی میں پرچم کشائی کی اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔سب ڈویژنل ہیڈکواٹر گندوہ میں بی ڈی سی چیئرمین چوہدری محمد حنیف نے ایس ڈی ایم ارون کمار بڈیال و ایس ڈی پی او عادل ریشو و سیکورٹی فورسز کی موجودگی میں پرچم کشائی کی۔اسی طرح کی تقریبات ٹھاٹھری، عسر و ضلع کے سبھی بلاکوں میں منعقد ہوئیں جس میں بی ڈی سی چیئرپرسنوں ،پنچائتی اراکین و دیگر آفیسران نے قومی پرچم لہرایا۔آخر پر اپنے اپنے شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ دکھانے والے ملازمین، صحافیوں و پروگرام میں شامل بچوں کو اعزازی اسناد دے کر ان کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی۔
کشتواڑ
کشتواڑیں74 واں یومِ جمہوریہ 2023 ضلع کشتواڑ میں بڑے جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ ضلع ہیڈ کوارٹر میں مرکزی تقریب ڈی سی آفس کمپلیکس کے احاطے میں منعقد ہوئی جہاں چیئر پرسن ضلع ترقیاتی کونسل پوجا ٹھاکر نے ترنگا لہرایا ، پریڈ کا معائینہ کیا اور پولیس ، آئی آر پی ، سی آر پی ایف ، سی آئی ایس ایف ، فاریسٹ پروٹیکشن فورس ، ہوم گارڈ ، جی ڈی سی کشتواڑ کی این سی سی بٹالین اور بچوں کے مارچ پاسٹ میں سلامی لی۔ بلاک کی سطح پر متعلقہ بی ڈی سی چیئرپرسن کے ذریعہ قومی پرچم لہرایا گیا۔ اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس، پولیس لائن، سب ڈویژنل ہیڈ کوارٹر، تحصیل اور بلاک ہیڈ کوارٹر، تمام سرکاری دفاتر، کالجوں اور تعلیمی اداروں میں پرچم کشائی کی گئی۔ اس موقع پر طلبا ء کی جانب سے شاندار ثقافتی پروگرام بھی پیش کئے گئے جبکہ ضلعی انتظامیہ نے مثالی کام، اخلاقیات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرنے پر متعدد افسران کو یادداشتیں اور تعریفی سرٹیفکیٹ دیے علاوہ ازیں ہونہار طلباء کو بھی ایوارڈز سے نوازا گیا۔
رام بن
چیئرپرسن ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل رام بن ڈاکٹر شمشاد شان نے ترنگا لہرایا اور اس کے بعد 74 ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر ضلع پولیس لائینز رام بن میں قومی ترانہ بجایا گیا ۔ جے کے پی آئی آر پی ، سی آر پی ایف ، ہوم گارڈ ، این آر ایل ایم اور مقامی سکولوں کے طلباء سمیت 20 دستوں کا معائینہ کرنے کے بعد چیئر پرسن نے پریڈ کرنے والے دستوں سے سلامی لی ۔ اس دوران محکمہ اطلاعات کے مقامی فنکاروں اور مختلف مقامی تعلیمی اداروں کے طلباء نے حب الوطنی پر مبنی رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کئے جس نے حاضرین کے دل موہ لئے ۔ بعد ازاں مہمان خصوصی نے دیگر معززین کے ہمراہ شرکاء میں انعامات تقسیم کئے ۔ ضلع رامبن کے تحصیل ہیڈ کوارٹر اور دیگر اداروں کے علاوہ گول، بانہال اور رامسو سب ڈویڑنوں میں بھی یوم حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منایا گیا۔
گول
سب ڈویژن گول کے مختلف مقامات پر یوم جمہوریہ کی تقریبات کا انعقاد ہوا ۔گول سب ڈویژن صدر مقام ہائر سکینڈری سکول گول میں بلاک ڈولپمنٹ کونسل چیئرپرسن نے قومی پرچم لہرایا اور پریڈ کی سلامی لی۔ اس موقعہ پر ایس ڈی ایم گول نیاز الحق ، تحصیلدار گول راکیش شرما ، ایس ڈی پی او گول ،ایس ایچ او گول ،بی ایم او گول کے علاوہ دوسرے محکمہ جات کے آفیسران بھی موجود تھے ۔علاقے میں اچھی کار کردگی پر ملازمین میں اسناد سے نوازا گیا ۔وہیں اس دوران سنگلدان ، داڑم ، اندھ میں بھی اسی طرح کی تقریبات کا انعقاد ہوا جہاں پر مقامی لوگوں کی خاصی تعداد موجود تھی اور سکولی بچوں نے رنگا رنگ پروگرام پیش کئے ۔
ادھم پور
74 واں یومِ جمہوریہ ضلع اودھمپور میں بڑے حب الوطنی کے جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا ۔ مرکزی تقریب گورنمنٹ پی جی کالج بوائیز اودھمپور کے احاطے میں منعقد ہوئی جس میں ضلع ترقیاتی کونسل کے چئیر پرسن اودھمپور لال چند مہمان خصوصی نے قومی پرچم لہرایا اور 28 دستوں کے شاندار مارچ پاسٹ سے سلامی لی ۔ اس قومی تقریب میں ضلع پولیس ، سی آر پی ایف ، ہوم گارڈز ، این سی سی اور پولیس بینڈ کے علاوہ دیگر سول دستوں نے حصہ لیا ۔ محکمہ اطلاعات کی جانب سے ثقافتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں محکمہ اطلاعات کے فنکاروں نے ثقافتی پرفارمنس پیش کی جس سے حاضرین محظوظ ہوئے ۔ ڈی سی نے یومِ جمہوریہ کے مبارک موقع پر لوگوں کو مبارکباد دی ۔
ریاسی
ضلع ترقیاتی کونسل کے چیئرمین ریاسی صراف سنگھ ناگ نے جنرل زوراور سنگھ اسپورٹس اسٹیڈیم ریاسی میں قومی پرچم لہرایا اور سی آر پی ایف ، آئی آر پی ، جے کے پی ، جے کے ہوم گارڈ ، این سی سی کیڈٹس بوائیز /گرلز پر مشتمل ایک شاندار مارچ پاسٹ کی سلامی لی ۔
کٹھوعہ
کٹھوعہ ضلع کے کئی مقامات پر 74 ویں یومِ جمہوریہ کی تقریبات حب الوطنی کے جوش و خروش ، شان و شوکت کے ساتھ منعقد کی گئیں ۔ مرکزی تقریب اسپورٹس اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی جہاں ڈی ڈی سی کے چئیر مین کرنل مہان سنگھ ( ریٹائیرڈ ) نے ترنگا لہرایااور مارچ پاسٹ کی سلامی لی ۔ پولیس ، پی ٹی ایس سی آر پی ایف ، ہوم گارڈ ، اسکاؤٹس اینڈ گائیڈ ، این آر ایل ایم ، این سی سی بٹالین کے بوائیز اینڈ گرلز ونگ کے علاوہ آرمی اور سکولوں کے بینڈ دستوں نے شاندار پریڈ پیش کی ۔
راجوری
راجوری ضلع بھر میں 74 واں یومِ جمہوریہ بڑے جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا ۔ یہ تقریبات ضلعی ہیڈ کوارٹرز، سب ڈویژنوں اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز اور پنچائتوں میں منعقد کی گئیں ۔ مرکزی تقریب کا انعقاد ڈسٹرکٹ پولیس لائینز گراؤنڈ راجوری میں کیا گیا جہاں مہمان خصوصی ضلع ترقیاتی کونسل کے چئیر مین نسیم لیاقت نے قومی پرچم لہرایا اور سلامی لی ۔ مارچ پاسٹ میں جے کے اے پی ، جے کے ایگزیکٹو پولیس ، جے کے پولیس بینڈ ، سی آر پی ایف ، جے کے ایف پی ایف اور ایس پی او ، این سی سی سینئر بوائیز اینڈ گرلز ، این سی سی جے یو او بوائیز اور مختلف سکولوں کے دستے ، ای ایم آرز اور این آر ایل ایم نے بھی حصہ لیا ۔ ڈپٹی کمشنر وکاس کنڈل ، ڈی آئی جی راجوری پونچھ ، سی آر پی ایف اور ضلع انتظامیہ کے سینئر افسر اور ہزاروں لوگ شاندار تقریب کا مشاہدہ کرنے کیلئے گراؤنڈ میں موجود تھے ۔
پونچھ
سپورٹس اسٹیڈیم پونچھ میں 74 واں یومِ جمہوریہ بڑے جوش و خروش ، قومی جذبے سے منایا گیا ۔ چئیر پرسن ضلع ترقیاتی کونسل پونچھ تمیم اختر نے قومی پرچم لہرایا اور مارچ پاسٹ کی سلامی لی جس میں تعلیمی اداروں ، این آر ایل ایم ، سی آر پی ایف ، جے کے پی ، جے کے اے پی ، ہوم گارڈ ، جے کے پی کیو آر ٹی کمانڈو ، این سی سی کیڈٹس ، پولیس بینڈ کے دستے شامل تھے ۔
سانبہ
سانبہ کے رائی سچیت سنگھ اسپورٹس سٹیڈیم میں 74 واں یومِ جمہوریہ جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا ۔ ضلع ترقیاتی کونسل کے چئیر مین کیشو دت شرما نے ترنگا لہرایا ۔ اس موقع پر پدم شری 2023 ایوارڈ یافتہ موہن سنگھ ، ایک مشہور ڈوگری مصنف کو مبارکباد دی گئی ۔ قبل ازیں ڈی ڈی سی چئیر مین نے پریڈ کا معائینہ کیا اور ڈپٹی ایس پی ہیڈ کوارٹر جی آر بھردواج کی قیادت میں مارچ پاسٹ دستوں سے سلامی لی ۔ مہمان خصوصی کے ساتھ وائس چئیر مین بلوان سنگھ ، ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی نے ضلع افسران ، پولیس افسران ، میڈیکل افسران ، ایس ایچ جی ، مشن شکتی ، عہدیداروں ، کھلاڑیوں اور شرکاء کو ایوارڈ پیش کئے ۔