جموں۔ راجوری شاہراہ پر حادثہ ،1لقمہ اجل

رمیش کیسر

نوشہرہ //جموں۔راجوری نیشنل ہائی وے پر آئل ٹینکر اور موٹرسائیکل کے درمیان تصادم میںایک نوجوان کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ اس کے ساتھ بیٹھا ایک اور نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔معلومات کے مطابق موٹر سائیکل زیر نمبر JK -12A 5338 پونچھ سے جموں جا رہی تھی۔ نوشہرہ میںواقع آرمی کے ٹرانزٹ کیمپ کے گیٹ کے سامنے آنے والے ایک آئل ٹینکر سے ٹکرا گیا جس میں موٹر سائیکل سوار پونیت شرما عمر 25 سال ولد وشوامتر سکنہ بس سٹینڈ پونچھ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ اس کے ساتھ بیٹھا آیوش کھجوریہ عمر 19 سال ولد سشیل کھجوریہ سکنہ پولیس لائن پونچھ شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس کو اطلاع ملتے ہی تھانہ انچارج نوشہرہ موقع پر پہنچ گئے اور نعش کو اپنے قبضے میں لے کر مردہ خانے بھجوا دیا۔ نوشہرہ ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد مردہ خانہ میں رکھ دیا گیا ۔بتایا جاتا ہے کہ زخمی کا علاج نوشہرہ ہسپتال میں جاری ہے۔