جعلی نوکریوں کا سکینڈل اور بھتہ خوری | نیٹ ورک کا پردہ فاش،پٹن میں 2جعلساز گرفتار

فیاض بخاری
بارہمولہ// بارہمولہ میں پولیس نے نوکری کے جعلی گھوٹالہ اور بھتہ خوری میں ملوث دو دھوکہ بازوں کو گرفتار کیا۔ پولیس کو اطلاع ملی کہ پٹن علاقے سے دو خود ساختہ سیاسی کارکن نوکری کا لالچ دیکر رقومات بٹور رہے ہیں اور وہ جعلی تقرریوں کے آرڈر اور عام لوگوں کو دھمکیاں بھی دے رہے ہیں اورپولیس نے تھانہ پٹن میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ۔ابتدائی تفتیش کے دوران، پولیس نے تمام تکنیکی اور انسانی ذہانت کو بروئے کار لاتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کیا جن کی شناخت عبید نذیر صوفی اور محمد اقبال میاں کے نام سے ہوئی۔مزید تفتیش کے دوران افسران کو معلوم ہوا کہ یہ لوگ عام لوگوں کو محکمہ پولیس میں نوکری دلانے کے بہانے دھوکہ دے رہے تھے اور ان سے بھاری رقم لے رہے تھے۔ یہ بات بھی سامنے آئی کہ جب متاثرہ شخص رقم واپس مانگنے لگتا تو وہ انہیں دھمکیاں دیتے تھے۔ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔عام لوگوں کو ایک بار پھر محتاط رہنے کا مشورہ دیا جاتا ہے اور مختلف فوائد/سودے پیش کرنے والے دھوکے بازوں/گھپلے کرنے والوں کا شکار نہ ہوں۔