جعلی سم کارڈ کا دھندہ اور جرائم کا ارتکاب بڈگام میں گروہ بے نقاب، 3 افرادگرفتار

ارشاد احمد

بڈگام //بڈگام میں پولیس نے جرائم میں ملوث تین افراد کو جعلی سم کارڈ ریکیٹ میں ملوث پاکر انہیں گرفتار کرکے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ۔ بڈگام پولیس کو مخصوص اطلاع ملی تھی کہ ضلع بڈگام میںPoS ایجنٹوں کا ایک گروپ کام کر رہا ہے جو معصوم لوگوں کے کاغذات بنا کر دھوکہ دینے میں ملوث اور اپنے ذاتی مفادات کے لیے سم کارڈ حاصل کرکے مجرمانہ کارروائیوں کے لیے فروخت کر رہے ہیں ۔ اسی مناسبت سے ایف آئی آر نمبر 201/2022 کے تحت قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن بڈگام میں مقدمہ درج کیا گیا اور تحقیقات شروع کی گئی۔ پولیس نے 3 افراد جن کی شناخت اقبال حسین کھانڈے ولد غلام محمد ساکن سبدن، محمد اسحاق بٹ ولد بشیر احمد ساکن کریمشور اور غلام حسن ڈار ولد غلام نبی ساکن رازوین بڈگام کی گرفتاری عمل میں لائی۔

 

ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا کہ گرفتار تینوں خردہ فروشوں کے طور پر کام کرتے تھے اور اپنے ایجنٹوں، فیملی ممبروں اور اپنی تصاویر کا استعمال کرکے فرضی ناموں پر سم کارڈ جاری کرتے تھے۔ نیز، ایک معاون شناختی دستاویز کے طور پر، کچھ ملزمان نے جعلی بینک پاس بک تیار کرنے کے لیے جے اینڈ کے بینک برانچ کریمشور کی جعلی مہر کا استعمال کیا ہے۔پورے ماڈیول کا پردہ فاش کرنے کے لیے، اے ایس پی بڈگام شری گوہر احمد-جے کے پی ایس کی سربراہی میں ایک خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو دہشت گردی کے زاویے سمیت کیس کی مکمل تفتیش کرے گی اور اگر تحقیقات کے دوران ایسے کوئی شواہد ملے تو ULA(P) کے تحت متعلقہ سیکشنز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔