جاپان میں شدید برف باری | 3افراد ہلاک،پروازیں معطل

ٹوکیو//جاپان میں بدھ کی صبح شدید برف باری سے تین افراد ہلاک ہوگئے اورعام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی۔چیف کابینہ سکریٹری ہیروکازو ماتسونو نے کل ایک پریس کانفرنس کو بتایا کہ اطلاعات کے مطابق برفباری کی وجہ سے کم از کم ایک شخص کی موت ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ آیا دو دیگر افراد کی موت برف باری کی وجہ سے ہوئی ہے ۔ زخمیوں کا ڈیٹا حاصل کیا جا رہا ہے ۔اس سے قبل جاپانی میڈیا نے بتایا تھا کہ شدید برف باری کے باعث کیوٹو شہر اور شیگا پریفیکچر میں بیواکو اسٹیشن کے درمیان 10 گھنٹے تک راستہ بند ہونے کے بعد کم از کم 13 افراد کو صحت سے متعلق پریشانیوں کے باعث اسپتال میں داخل کیا گیا ہے ۔کیوڈو خبر رساں ایجنسی کے مطابق، جاپان کے صوبہ ناگاساکی میں تارامی شہرکے قریب ایک ہائی وے پر تقریباً 100 گاڑیاں شدید برف باری کے باعث پھنس گئیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق جاپان ایئر لائنز اور آل نیپون ایئرویز بدھ کو 200 سے زائد پروازیں منسوخ کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ مشرقی جاپان ریلوے نے فوکوشیما اور شنجو کے درمیان بلٹ ٹرین سروس کو معطل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔