جاٹ برادری کیلئے او بی سی کا درجہ، منڈل کمیشن کی رپورٹ پر عمل درآمد او بی سی کیلئے27 فیصد تک ریزرویشن کا مطالبہ امت شاہ کے سامنے کیاگیا: منجیت سنگھ

جموں// اپنی پارٹی کے صوبائی صدر جموں ایس منجیت سنگھ نے اپنی پارٹی کے وفد کی قیادت میںوزیر داخلہ کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران جاٹ برادری کو او بی سی کا درجہ دینے اور جموں و کشمیر میں او بی سی لوگوں کے حق میں منڈل کمیشن کی رپورٹ کو نافذ کرنے کا مطالبہ کیا۔ پارٹی دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایس منجیت سنگھ نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں تمام خطوں میں عوامی فلاح و بہبود اور ترقی کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹنگ کے دوران پارٹی رہنماؤں نے جاٹ برادری کے لیے او بی سی کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا جس کی جموں کے میدانی علاقوں اور دیگر علاقوں کے سرحدی دیہاتوں میں بہت زیادہ آبادی ہے۔انہوں نے کہا کہ جاٹ برادری نے سماجی، معاشی، سیاسی اور تعلیمی ترقی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ان کی روزی روٹی کو بہتر بنایا جا سکے۔انکاکہناتھا”یہ لوگ مزدور کے طور پر یا غریب معاشی پس منظر سے تعلق رکھنے والے اپنے چھوٹے کھیتوں میں کام کرتے ہیں۔ اس صورت حال میں، حکومت کو چاہیے کہ وہ جاٹ کمیونٹی کو او بی سی کا درجہ دے جس کو تمام روایتی سیاسی جماعتوں کی طرف سے نظر اندازی کا سامنا کرنا پڑا‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے جموں و کشمیر میں او بی سی لوگوں کے حق میں منڈل کمیشن کی رپورٹ کو لاگو کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے تاکہ انہیں یونین ٹیریٹری میں 27 فیصد ریزرویشن کا طویل عرصے سے زیر التوا آئینی حق مل سکے۔انہوں نے کہا کہ چھمب کے بے گھر افراد کو بھی برابر کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ ان بے گھر افراد کو 1965 اور 1971 میں چھمب سے بے گھر کیا گیا تھا اور پھر اس وقت کی حکومتوں نے انہیں الاٹ کی گئی زمین پر سرحدی پٹی کے ساتھ آباد کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ان ڈی پیز کو ماضی میں متعلقہ حکومتوں کی طرف سے الاٹ کی گئی زمین پر جائیداد کے حقوق نہیں دیے گئے۔ منجیت سنگھ نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اپنی سنجیدگی کا اظہار کیا اور چیف سکریٹری ارون کمار مہتا کو ہدایت دی کہ وہ ڈی پی کو الاٹ کی گئی زمین پر جائیداد کے حقوق دیں۔امیت شاہ نے جموں و کشمیر حکومت کو ان ڈی پیز کے کیسوں کی تصدیق کرنے کی بھی ہدایت کی جنہیں ان سے اراضی حاصل کرنے کے بعد معاوضہ نہیں دیا گیا تھا۔ ڈی پی کو معاوضہ دیا جانا چاہئے‘‘۔انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ڈی پی کے معاوضے کے معاملات کی تصدیق کرنے کو کہا۔جاٹوں اور او بی سی لوگوں کے مطالبات کے حوالے سے، انہوں نے کہا کہ ایل جی جموں و کشمیر نے کہا کہ کمیشن جموں و کشمیر میں جاٹوں اور او بی سی لوگوں کے مطالبات کے حوالے سے کمیشن کے ارکان کو پیش کردہ میمورنڈم/رپورٹس پر کام کرے گا۔ انہوں نے دونوں برادریوں کو انصاف کی یقین دہانی کرائی۔