جامع مسجدمیں2ہفتے بعد نماز جمعہ کی ادائیگی انجمن اوقاف کا اظہار اطمینان

سرینگر//انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مسلسل دو جمعتہ المبارک کے بعد حکام کی جانب سے تاریخی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ جیسے اہم فریضے کی ادائیگی کی اجازت دیئے جانے پر عوام نے اطمینان اور مسرت کا اظہار کیا اور انتظامیہ پر اس بات کیلئے زور دیا کہ وہ مختلف بہانوں کی آڑ میں آئندہ جامع مسجد بند کرانے سے گریز کیا جائے تاکہ عوام جو اس عظیم عبادتگاہ میں دور دراز علاقوںسے آکر اللہ تبارک و تعالی کے حضور رکوع و سجود کے ذریعے اس کی خوشنودی حاصل کرتے ہیں اس میں خلل نہ آئے۔بیان میں کہا گیا کہ انجمن کے ساتھ فرزندان توحید نے تاہم اس امر پر شدید مایوسی کا اظہار کیا کہ اب تقریبا تین سال کا طویل عرصہ ہونے جارہا ہے جبکہ میرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کی مسلسل نظر بندی کے سبب قال اللہ وقال الرسولﷺ کی دل آویز صداں سے جامع مسجد کے منبر و محراب خاموش ہیں جو ہر مسلمان کیلئے حد درجہ تکلیف دہ اور روحانی اذیت کا سبب ہے ۔