جابہ ۔بھیرہ 3کلو میٹر سڑک کھڈوں میں تبدیل | ٹرانسپورٹروں و عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا

جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر کے قریب ہی جابہ ۔بھیرہ 3کلو میٹر رابطہ سڑک انتہائی خستہ ہونے کی وجہ سے مقامی و غیر مقامی ٹرانسپورٹروں اور عام لوگوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔عام لوگوں نے محکمہ تعمیرات عامہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی عرصہ سے رابطہ سڑک کھڈوں میں تبدیل ہوئی ہے لیکن محکمہ کو ٹس سے مس تک نہیں ہے ۔انہوں نے بتایا کہ برسات کی وجہ سے مذکورہ کھڈوں میں بڑے پیمانے پر پانی جمع ہوا ہے جس کی وجہ سے صورتحال مزید خستہ حال بن چکی ہے ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ رابطہ سڑک سے وسیع علاقوں کی عوام سفر کرتی ہے جبکہ مقامی انتظامیہ کی جانب سے علاقہ کی گنجان آبادی کو مد نظر رکھتے ہوئے رابطہ سڑک کی تعمیر عمل میں لائی گئی تھی لیکن کافی عرصہ سے سڑک لگ بھگ نا قابل استعمال بنی ہوئی ہے لیکن اس کی مرمت کیلئے مقامی انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ کی جانب سے ابھی تک کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ پی ڈبلیو ڈی کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ رابطہ سڑک کو قابل آمد ورفت بنایا جاسکے ۔