تیز ہوائوں کے بعد ڈل جھیل میں پھنسے 21سیاحوں کو بچا لیا گیا

 نیوز ڈیسک

سرینگر//سرینگر پولیس نے پیر کی شام 21 سیاحوں کو اس وقت بچایا جب وہ شکاریوں میں ڈل جھیل میںہوا کے تیز جھونکے کی وجہ سے ڈوبنے لگے۔ پولیس کے ریور پولیس ونگ نے ڈل جھیل میں پھنسے ہوئے سیاحوں کے محفوظ انخلا کو یقینی بنانے کے لیے اسپیڈ بوٹس کا استعمال کرتے ہوئے متعدد چکر لگائے۔ پولیس نے بتایا کہ موسم میں اچانک تبدیلی اور تیز ہوائوں کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا۔ ریور پولیس ونگ نے سپیڈ بوٹس کے ذریعے 21 سیاحوں کو بحفاظت بچایایہ لوگ تیز ہوائوں کی وجہ سے ڈل جھیل کے اندر شکارا میں پھنس گئے تھے۔