تیز گیند بازوں کو وقت دینے کی ضرورت:روہت شرما

حیدرآباد//یو این آئی// ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ڈیتھ اوورز میں ناقص گیند بازی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیز گیند بازوں کو وقت دینے کی ضرورت ہے ۔ایشیا کپ 2022 میں خراب کارکردگی کے بعد آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی ٹی20 سیریز میں بھی ہندوستانی گیند باز ڈیتھ اووروں میں توقعات پر پورا نہیں اتر سکے ، لیکن کپتان روہت نے اتوار کو میچ کے بعد ہرشل پٹیل اور بھونیشور کمار سے متعلق سوالات کے جواب میں دونوں گیند بازوں کا دفاع کیا۔روہت نے اتوار کو میچ کے بعد ہرشل کے بارے میں کہا، “انجری سے واپس آنا ہمیشہ مشکل ہوتا ہے ۔ وہ دو ماہ سے کرکٹ سے دور ہیں۔ جب بھی گیند باز چوٹ سے واپسی کرتے ہیں تویہ آسان نہیں ہوتا۔ ہم ان تینوں میچوں میں ان کی کارکردگی کی بنیاد پراپنی رائے قائم نہیں کررہے ہیں کیونکہ ہم ان کے معیار کے بارے میں جانتے ہیں۔ان کا کہناتھا کہ انہوں نے ماضی میں ہمارے لیے اور ہماری فرنچائزی کے لیے کئی مشکل اوورڈالے ہیں۔ ہمیں اس کے معیار پر بھروسہ ہے ۔ ان پر بھروسہ کرنا ضروری ہے اور مجھے یقین ہے کہ وہ بھی ان غلطیوں کو سدھارنے کی کوشش کر رے ہیں۔ وہ اپنی گیندبازی پرسخت محنت کر رہے ہیں۔”ہرشل نے اس یادگار سیریز کے پہلے میچ میں بغیر کوئی وکٹ لیے چار اوورز میں 49 رنز دیے جبکہ بارش سے متاثرہ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں دو اوورز میں 32 رنز دیے ۔ تیسرے میچ میں انہوں نے صرف دو اوور پھینکے اور 18 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔روہت نے کہا، “جب بھی ہم نیٹس میں پریکٹس کرتے ہیں، وہ ہمیشہ اپنی صلاحیتوں پر کام کر رہے ہوتے ہیں۔ آپ چاہتے ہیں کہ کھلاڑی میدان میں جائیں اور بہتری کرتے رہیں۔ ہم اس کے بارے میں ہمیشہ بات کرتے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ وہ اپنی بہترین فارم سے زیادہ دور نہیں ہیں۔”چوٹ سے واپس آنے والے ہرشل کے علاوہ ڈیتھ اوورز میں بھونیشور کمار کی گیند بازی بھی ہندوستان کے لیے تشویش کا باعث رہی ہے ۔ بھونیشور نے گزشتہ تین ہفتوں میں تین بار 19واں اوور پھینکا ہے ، جس میں انہوں نے بالترتیب 19، 14 اور 16 رنز دیے ہیں۔اتوار کو حیدرآباد میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میں بھونیشور کو 18واں اوور ڈالنے کی ذمہ داری دی گئی تھی، جس میں آسٹریلیا نے 21 رنز جوڑے ۔