تھنہ منڈی کالج سے ترنگا ریلی نکالی گئی | سینکڑوں طلباء نے قومی پرچم اٹھا کر حب الوطنی کا پیغام دیا

عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// یوم آزادی کی 75 ویں سالگرہ کی مناسبت سے آزادی کا امرت مہااتسو پروگرام کے تحت گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی اور تحصیل انتظامیہ تھنہ منڈی کے اشتراک سے ہر گھر ترنگا ریلی نکالی کا انعقاد کیا گیا جس میں گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی اور مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ ہائیر سکینڈری اسکول تھنہ منڈی کے علاوہ دیگر کئی سکولوں کے طلباء اور اساتذہ کے ساتھ ساتھ لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر یو ٹی جموں کشمیر میں بی جے پی کے جنرل سیکریٹری اور سابق ایم ایل سی راجوری وبود گپتا مہمان خصوصی جبکہ چیئرمین میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی شکیل احمد میر مہمان اعزازی تھے۔ اس موقع پر مقررین نے بولتے ہوئے کہا کہ جشن آزادی کے اس مبارک موقع پر ہر شہری کو اپنے اپنے گھر کی چھت، تمام سرکاری نیم سرکاری و پرائیویٹ اداروں کوآپریٹیو ادارں، تعلیمی اداروں کی عمارتوں کے ساتھ لائبریریوں اور صحافیوں کے دفتروں وغیرہ پر پرچم لہرانا ہوگا۔ مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میں حکومت کی جانب سے چلائی گئی ہر گھر ترنگا مہم کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے طلباء پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے اندر قومی یکجہتی اور حب الوطنی کا جذبہ پیدا کریں اورفرقہ وارانہ رویے اور قوم پرستی سے دور رہیں۔ وہیں تھنہ منڈی کالج میں شعبہ ریاضی کے پروفیسر ڈاکٹر اطہر عزیز رینہ نے میڈیا کو بتایا کہ ہر گھر ترنگا مہم کو کامیاب بنانے اور ملک سے محبت کے جذبے کو عام کرنے کیلئے پورے ملک کے ساتھ ساتھ یو ٹی جموں و کشمیر میں بھی اس طرح کی ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ اس ریلی کا انعقاد لوگوں کو ترنگا گھر لانے اور اسے لہرانے کی ترغیب دینے کے لئے کیا گیا تھا۔ اس ترنگا ریلی میں کالج کے تمام فیکلٹی ممبران، ایس ڈی پی او تھانہ منڈی، ایس ایچ او تھنہ منڈی چیئرمین میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی شکیل احمد میر، تحصیل دار تھنہ منڈی ساحل علی شاہ، مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ کے سرپرست خورشید بسمل ، پردھان منڈل عبدالغنی شال، کالج کی پرنسپل ڈاکٹر نعیم النساء کے علاوہ دیگر کئی اسکولوں کے طلباء اور اساتذہ بھی موجود تھے۔ اس تقریب میں بی جے پی کے ضلعی صدر شری راجندر گپتا اور چیئرمین میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی شکیل احمد نے بھی خطاب کیا۔