تھنہ منڈی میں کھاد کی قلت کے سبب کسان پریشان فصلیں بربادی کے دہانے پر،کسانوں کی فوری معاونت کا مطالبہ

عظمیٰ یاسمین

تھنہ منڈی// سب ڈویژن تھنہ منڈی میں کسان کھاد کی قلت سے دوچار ہیں جس کی وجہ سے گیہوں اور دوسرے اناج کی کھیتی تباہی کے دہانے پرپہنچ گئی ہے۔ کسانوں نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ تھنہ منڈی میں کھاد نہ ملنے کی وجہ سے ان کی فصلیں تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہیں لیکن اس سے کسی کو کوئی سروکار نہیں۔ کسانوں نے بتایا کہ کئی دنوں سے وہ کھاد کے لئے در در کے دھکے کھانے پر مجبور ہیں لیکن اب تک کھاد نہیں مل پائی ہے اور کھاد کے بغیر کھیتی برباد ہو رہی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ تھنہ منڈی اور اس کے گردونواح کے تمام علاقوں میں کھاد دستیاب نہیں ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ اس وقت لوگ گندم اور سبزی وغیرہ کی فصل میں کھاد کا استعمال کرتے ہیں جس سے انکی فصل اچھی ہوتی ہے۔ اس موقع پر تھنہ منڈی کے متعدد کسانوں نے کہا کہ پچھلے کئی دنوں سے پورے تھنہ منڈی میں کھاد کا نام و نشان نہیں ہے جس کی وجہ سے لوگوں میں کافی تشویش پائی جاتی ہے کیونکہ اس موسم میں لوگوں کو مال کیلئے بہترین فصل کی امید ہوتی ہے جو اس بار کھاد نہ ہونے کی وجہ سے ناممکن لگ رہی ہے۔ کسانوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری وکاس کنڈل سے اپیل کی ہے کہ وہ کسانوں کیلئے جلد از جلد کھاد کی فراہمی کو یقینی بنانے میں مدد کریں تاکہ لوگوں کو راحت مل سکے اور ان کی فصلوں کا نقصان بھی نہ ہو۔