تھنہ منڈی میں چوروں کی بڑی کارروائی  | درہ گاؤں میں1 ہی رات کے دوران 13گھروں کو لوٹ لیاگیا

عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // سب ڈویژن منڈی کے پسماندہ گاؤں درہ میں تعینات آرمی چیک پوسٹ کے بالکل قریب نقب زنی کی واردات میں چوروں نے ایک ہی رات میں تقریباً 13 گھروں کو لوٹ لیا جن میں محمد الیاس محمد معروف محمد عارف پسران محمد اعظم، محمد شکیل ولد محمد عالم، محمد طارق ، پرویز احمد پسران عبداللہ، الطاف حسین شوکت حسین پسران کرمدین، عبدالعزیز ولد فیروز دین، محمد ریاض ولد فقیر محمد، چوہدری محمد اقبال ولد محمد حسین ، ماسٹر فیض حسین ولد عبدل اور محمد سعید ولد محمد شفیع نجار کے گھر شامل ہیں۔ مکینوں کے مطابق چوروں نے لاکھوں روپے کی نقدی زیورات اور قیمتی سامانوں کو لوٹ لیا۔ اطلاعات کے مطابق چوروں کے ایک گروپ نے بڑے پیمانے پر ڈاکہ زنی کو انجام دیتے ہوئے موضع درہ میں آرمی چیک کے بالکل قریب ایک ہی رات میں تقریباً 13 گھروں کو نقب زنی کا نشانہ بنایا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ جن گھروں کو چوروں نے نشانہ بنایا وہ آرمی پوسٹ سے صرف ایک سے ڈیڑھ کلو میٹر کی دوری پر واقع ہیں۔ انھوں نے کہا کہ لوگ آرمی کے بھروسے پر اپنے مال مویشیوں کے ہمراہ ڈھوکوں میں چلے گئے تھے لیکن چوروں نے ان کے مکانوں کے تالے توڑ کر نقدی، زیورات اور قیمتی سامان لوٹ لیا۔ انھوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیک پوسٹ کے اتنے قریب سے چوروں نے بڑی صفائی اور سفاکی سے یہ واردات انجام دی ہے جس سے ان کی چالاکی کا پتہ چلتا ہے۔ اس موقع پر گاؤں کے مکینوں نے کہا کہ اگر اس واقع میں ملوث افراد کا پردہ فاش نہ کیا گیا اور انھیں پابند سلاسل نہ کیا گیا تو مستقبل قریب میں یہ گروہ لوگوں کا جینا حرام کر دے گا۔ لوگوں نے اپنا درد بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایک تو اس گروہ نے انکی سالوں کی جمع پونجی پر ہاتھ صاف کرلئے ہیں اور دوسرے ان کے گھروں اور دروازوں کی توڑ پھوڑ کر کے ان کا بہت بڑا نقصان کیا ہے۔ اس موقع پر کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے لوگوں نے کہا ایس ایچ او تھنہ منڈی انسپکٹر شوکت حسین چوہدری ایک مستعد اور فعال پولیس افسر ہیں اور ہمیں ان پر مکمل اعتماد ہے کہ وہ بہت جلد اس گروہ کا پردہ فاش کر کے انھیں پابند سلاسل کر کے غریب لوگوں کو انصاف فراہم کریں گے۔