تھنہ منڈی میں تیل خاکی اور چینی کی عدم دستیابی عوام کو مشکل کا سامنا ،ضروری اشیاء کی فراہمی کا مطالبہ

عظمیٰ یاسمین

تھنہ منڈی // سب ڈویژن تھنہ منڈی کی عوام کو تیل خاکی اور چینی کی عدم دستیابی سے کئی طرح کی مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا ہے۔ عوام نے محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس علاقے میں تیل خاکی کے ساتھ ساتھ اشیاء خورد و نوش کی وافر مقدار کو یقینی بنائے۔ عوام کا کہنا ہے کہ تھنہ منڈی کے اکثر و بیشتر دیہات پہاڑی علاقہ پر مشتمل ہیں جہاں سردیوں کے موسم میں بجلی کی آنکھ مچولی روز کا معمول ہوتا ہے ۔اس لئے ان علاقوں میں تیل خاکی کی اشد ضرورت پڑتی ہے کیونکہ دیہات کے اکثر لوگ بجلی نہ ہونے کی صورت میں تیل خاکی کا ہی استعمال کرتے ہیں۔ اس موقع پر او بی سی طبقہ کے ضلعی صدر محمد سعید نجار نے عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے تیل خاکی اور چینی کو بغیر کسی وجہ کے بند کر دیا گیا ہے اور صرف اے اے وائی زمرے میں آنے والے لوگوں کو ہی چینی دستیاب ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہو چکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بجلی کی معیاری سپلائی بھی فراہم نہیں کی جارہی ہے اور رسوئی گیس میں بے پناہ اضافے کے باعث عوام اور خاص کر مزدور طبقہ کو کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا ہے جبکہ خراب موسم کے دوران ہی گورنمنٹ کی جانب سے تیل خاکی کی سپلائی کو نامعلوم وجوہات کی بنا پر بند کر دیا گیا ہے جو کہ انتہائی افسوس ناک بات ہے۔ ایک اور صارف فضل عالم نجار کا کہنا تھا کہ ہمارے پہاڑی علاقوں کے اکثر لوگ تیل خاکی پر ہی انحصار کرتے تھے لیکن اس کی سپلائی بند ہونے سے اب لوگ گھپ اندھیرے میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔اے اے وائی زمرے سے تعلق رکھنے والے صارفین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ محکمہ امور صارفین کی جانب سے عوام کو نظراندز کیا جارہا ہے۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جلد ازجلد تیل خاکی اور چینی کی سپلائی کو بحال کیا جائے تاکہ غریب عوام کو اس پریشانی سے نجات حاصل ہو سکے۔