تھنہ منڈی میں بجلی بلوں کی عدم ادائیگی | محکمہ کے ملازمین نے صارفین کیخلاف کارروائی عمل میں لائی

عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // جے پی ڈی سی ایل کے اعلیٰ حکام کی ہدایات پر محکمہ بجلی کے ملازمین نے تھنہ منڈی کے مختلف علاقوں میں نادہندگان کے خلاف سخت کارروائی شروع کی۔ واضح رہے کہ لاکھوں روپے کے بھاری واجبات اور بجلی بلوں کی عدم ادائیگی کے چلتے سب ڈویژن تھنہ منڈی کے اسلام پور اور پرانہ تھنہ علاقوں میں محکمہ بجلی کے ملازمین نے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر پیر کے روز بجلی کی فراہمی منقطع کر کے واجب الادا بقایا جات کے نادہندگان کے خلاف کارروائی کی۔ اس سلسلے میں تھنہ منڈی کے اسلام پور اور پرانہ تھنہ میں انسپکٹر مدو خان کی سربراہی میں کسی بھی صارف کے ساتھ امتیازی سلوک کئے بغیر نادہندگان کے خلاف انتہائی سخت اقدامات کئے جن کے ذمہ لاکھوں روپے کے بھاری واجبات تھے۔ اس موقع پر انسپکٹر مدو خان نے روزنامہ کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ واجب الادا بقایاجات اور بلوں کی ادائیگی کی وصولی کے سلسلے میں کسی بھی طرح کی نرمی نہیں کی جارہی ہے۔ انھوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بنا کسی تاخیر کے اپنے تمام بقایاجات کی ادائیگی کریں اور کسی بھی طرح کی لاپرواہی سے اجتناب کریں تاکہ ان کیلئے بجلی کی فراہمی دستیاب رہے۔ انسپکٹر مدو خان نے مزید کہا کہ کوئی چھوٹا ہو یا بڑا سب کو بجلی کے ماہانہ بلوں کی ادائیگی کرنی ہوگی۔ انھوں نے مزید کہا کہ گورنر انتظامیہ کی جانب سے صارفین کیلئے سہولیات فراہم کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ وہ قسط وار مراحل میں بجلی کے بقایاجات ادا کریں تاہم اکثر صارفین اس کی حکم عدولی کر رہے ہیں جن کے خلاف کارروائی ناگزیر ہو چکی ہے۔ مدو خان نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ بھی نادہندگان کے خلاف اس طرح کی کاروائی جاری رہے گی لہٰذا قبل از وقت تمام صارفین بقایاجات ادا کرنے کی کوشش کریں۔ اس مہم میں انسپکٹر مدو خان، لائن مین پرویز خان، منشی خان، مقصود احمد اور شیراز احمد کے علاؤہ متعلقہ محکمہ کے دیگر کئی ملازمین بھی موجود تھے۔