تھنہ منڈی بفلیاز مغل روڈ کی توسیع کا کام جاری پائپ لائنوں کی توڑ پھوڑ سے پانی کی سپلائی متاثر ،لوگ پریشان

عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// تھنہ منڈی بفلیاز مغل روڈ کی توسیع کا کام جاری ہے۔ اس کام میں تھنہ منڈی کے منیہال گاؤں میں پینے کے پانی کی پائپ لائنوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ مکینوں نے کہا کہ گزشتہ کئی دنوں سے وہ پانی کی ایک ایک بوند کے لئے ترس رہے ہیں جس کو لے کر یہاں کے مکینوں نے متعدد مرتبہ تحصیل انتظامیہ اور متعلقہ کمپنی کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دئیے ہیں لیکن بدقسمتی سے تحصیل انتظامیہ اور دھرم راج کنسٹریکشن کمپنی کو ٹس سے مس نہیں ہے۔ ایک مقامی نوجوان تنویر خان نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ قصبہ تھنہ منڈی کے وارڈ نمبر ایک بیگوناڑہ، کٹاری محلہ، ہسپلوٹ کلیاں اور پٹیاں کے عوام پچھلے کئی دنوں سے پانی نہ ملنے کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ مزکورہ علاقوں کے رہائشی میلوں سفر کرنے کے بعد اپنے اور اپنے مال مویشیوں کے لئے گھوڑوں پرپانی لانے پر مجبور ہیں اور متعدد مرتبہ تحصیل انتظامیہ کو اس بارے میں آگاہ کیا جا چکا ہے لیکن کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ انھوں نے تحصیل انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزکورہ کمپنی کے نام پانی بحال کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں تاکہ یہاں کے عوام کو مزید مشکلات سے دوچار نہ ہونا پڑے۔ اس موقع پر کئی متاثرین نے بتایا کہ پچھلے کئی دنوں سے پانی کی سپلائی متاثر ہے اور انتظامیہ کے کہنے کے باوجود دھرم راج کنسٹریکشن کمپنی لیت و لعل سے کام لے رہی ہے اور جان بوجھ کر پانی کی پائپ لائنوں کو مرمت نہیں کیا جا رہا جس کی وجہ سے لوگوں کو سخت پریشانیوں کا سامنا ہے۔ اس سلسلے میں جب تحصیلدار تھنہ منڈی ساحل علی شاہ سے پوچھا گیا تو انھوں نے بتایا کہ جن جگہوں پر پانی کی پائپ لائنیں متاثر ہوئی ہیں ان کے لیے نئی پاپئیں آ گئی ہیں اور ایک دو دن کے اندر اندر متاثرہ علاقوں میں پانی کی سپلائی کو بحال کر دیا جائے گا۔