تعلیمی زون ترہگام کپوارہ میں مدرسین کی قلعت اسکولوں میں جگہ کی کمی ،8176طلاب کے لئے محض 347اساتذہ،طلاب کی تعلیم متاثر

اشرف چراغ

کپوارہ//کپوارہ ضلع کے ترہگام تعلیمی زون میں قائم سرکاری سکولو ں میں تدریسی عملہ کی کمی کی وجہ سے درس و تدیس کا کام کاج متاثر ہے اور ان سکولو ں میں اساتذہ کی کمی نے سنگین رخ اختیار کیا ہے ۔ترہگام زون میں 128سرکار ی سکول قائم ہیں ،جن میں 3ہائر سکینڈری سکول ،6ہائی سکول ،54مڈل سکول اور 65پرائمری سکول شامل ہیں اور ہائر سیکنڈری سکولو ں کو چھو ڑ کر 8176طلاب کے لئے محض 347مدرسین تعینات ہیں ۔زون میں اساتذہ کی 390اسامیا ں ہیں جن میں 22اسامیاں یکسر خالی پڑی ہیں جبکہ 12پنڈت اساتذہ کی اسامیا ں بھی حال ہی میں خالی ہوئی ہیں جبکہ اس وقت 19ساتذہ دیگر زونو ں یا اضلاع میں قائم سکولو ں کے ساتھ منسلک ہیں اور ان کی تنخواہ با ضابطہ طور ترہگام تعلیمی زون سے ادا کی جاتی ہے ۔12اساتذہ کو زون میں قائم 3ہائر سیکنڈری سکولو ں میں تعینات کیا گیا جس کی وجہ سے پرائمری ،مڈل اور ہائی سکولوں میں زیر تعلیم طلاب کی تعلیم متاثرہورہی ہے ۔

 

مذکورہ زون میں کئی ایسے بھی سکول ہیں جہا ں طلبہ کی تعداد بہت زیادہ ہے لیکن تدریسی عملہ کی شدید قلت پائی جاتی ہے ۔یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ریشی واری ،منون آورہ ،میر مقام پائن ،زرہامہ ،دت ریشی بابا ،ٹنگہ پتھری اور جمہ گنڈ کوچھی ین مڈل سکولو ںمیں طلبہ کی تعدادکافی ہے تاہم تدریسی عملہ کی شدیدکمی پائی جاتی ہے ۔مذکورہ سکولو ں میں 2سو سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں لیکن تدریسی عملہ کی تعداد 5سے 6ہے جو ناکافی ہے ۔ریشی واری مڈل سکول میں طلبہ کی تعداد 2سو کے قریب ہے اور پڑھانے کے لئے صرف5ساتذہ ہیں جبکہ منون آورہ مڈل سکول میں طلبہ کی تعداد250کے قریب ہے اور اساتذہ کی تعداد 6ہے جبکہ ایک اہم مدر س کو زونل ایجوکیشن ترہگام میں کمپوٹر چلانے کے کام پر رکھا گیا جو کبھی کبھار مڈل سکول منون آتے ہیں ۔معلوم ہو اہے کہ مذکورہ استادکی کمی کی وجہ سے ریاضی کا مضمون پڑھانے میں مشکلات در پیش ہیں ۔سکول میں جگہ کی عدم دستیابی کا معاملہ بھی سنگین ہے۔ 250طلاب کے لئے محض 5کمرے دستیاب ہیں ۔میر مقام پائن مڈل سکول کی صورتحال ان سے مختلف نہیں ہے۔ 2سو طلاب کے لئے5اساتذہ تعینات ہیں، جبکہ مڈل سکول زرہامہ میں 150طلاب کیلئے5اساتذہ تعینات ہیں ۔دت ریشی بابا مڈل سکول میں طلبہ کی تعداد 150ہے اور اساتذہ کی تعداد5ہے ۔ان علاقوں کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ ایک طرف سرکار ماہ اکتوبر سے ہی داخلہ مہم چلاتی ہے جس کے بعد کافی سارے والدین اپنے بچو ں کو سرکاری سکولوں میں داخلہ کراتے ہیں لیکن ان سکولوں میں اساتذہ کی کمی اور جگہ کی عدم دستیابی ایک سنگین مسئلہ ہے ۔والدین کا کہنا ہے کہ تعلیمی زون ترہگام میں پہلے ہی 43اساتذہ دوسرے سکولو ں کے ساتھ منسلک ہیں جس کی وجہ سے تعلیمی شعبہ متاثر ہوا ہے ۔والدین کا کہنا ہے کہ اگر سرکار نے پہلے ہی اساتذہ کی اٹیج منٹ ختم کی ہے تو پھر ان ساتذہ کو دوسرے سکولو ں کے ساتھ منسلک رکھنے کا کیا جواز ہے ۔والدین کا کہنا ہے کہ تعلمی زون ترہگام کے جن اساتذہ کو دیگر تعلیمی زونو ں یا اضلاع میں منسلک کیاگیا ہے ان کو فوری طور اپنے اپنے سکولو ں میں تعینات کیا جائے تاکہ مذکورہ تعلیمی زون میں تعلیمی نظام درست ہو جائیں۔