تریاٹھ راجوری میں اپنی پارٹی کا کنونشن آئندہ اسمبلی انتخابات کیلئے تیارہوجائیں:ذوالفقار

راجوری// اپنی پارٹی سنیئر نائب صدر اور سابقہ کابینہ وزیر چوہدری ذوالفقار علی نے پارٹی لیڈروں اور ورکروں سے کہا ہے کہ جموں وکشمیر میں آنے والے اسمبلی انتخابات کے لئے تیار ہوجائیں۔تریاٹھ راجوری میں پارٹی ڈیلی گیٹ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ورکروں سے کہاکہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں لوگوں کے لئے کام کریں، عوامی مسائل کو اْجاگرکریں اور متعلقہ حکام سے اِن مسائل ومشکلات کے حل کو یقینی بنائیں۔اس دوران پارٹی لیڈروں اور ورکروں نے متفقہ طورسابقہ سرپنچ ٹھاکر بلدیو سنگھ (کالا شاہ)کو اپنی پارٹی بلاک صدر گھائی باس منتخب کیا۔اس عہدہ کے لئے اْن کے نام کی تجویز معزز افراد نے پارٹی عہدیدران کے سامنے رکھی تھی۔ ٹھاکر بلدیو سنگھ اِس سے قبل نیشنل کانفرنس بلاک صدر تھے۔ چودھری ذوالفقار علی نے مبارک باد پیش کرتے ہوئے یہ ذمہ داری اْنہیں دیئے جانے سے پارٹی کیڈر مضبوط ہوگا۔ اِس کنونشن میں سینکڑوں کی تعداد میں پارٹی ورکروں اور لیڈروں نے حصہ لیا ، جن سے چودھری ذولفقار نے کہاکہ وہ آنے والے اسمبلی انتخابات کے لئے تیاریاں شروع کریں تاکہ سماجی تانے بانے کو نقصان پہنچانے والے سماج دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو شکست دی جاسکے۔انہوں نے مزید کہا’’اپنی پارٹی سید الطاف بخاری صاحب کی قیادت میں جموں وکشمیر کے لوگوں کی بہتری ، عزت اور وقار کے لئے انتھک کام کر رہی ہے‘‘۔

 

انہوں نے ترقیاتی محاذ پر پسماندہ اور دور افتادہ علاقہ جات کو نظر انداز کرنے پر ریاستی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے ایل جی انتظامیہ پرزور دیاکہ خطہ پیر پنجال میں حالیہ موسلادھار بارشوں اور غیر متوقع برفبار ی سے خانہ بدوش آبادی کا جو مالی نقصان ہوا ہے، کی بھرپائی کے لئے اْنہیں معقول معاوضہ دیاجائے۔اپنی پارٹی نائب صدر نے محکمہ قبائلی امور کی بھی ایک ایسے وقت پر ایوارڈز تقسیم کاری تقریب منعقد کرنے پر نکتہ چینی کی جب قبائلی آبادی مشکل ترین دور سے گذر رہی ہے اور اْن کا لاکھوں روپے کا نقصان ہو اہے۔ انہوں نے سابقہ دور حکومت میں شروع کئے گئے ترقیاتی کاموں پر سست روی سے جاری کام اور خطہ میں بڑھتی بے روزگاری پر بھی تشویش ظاہر کی۔اس ڈیلی گیٹ کنونشن میں علاقہ کے دیگر معزز ورکرز، سرپنچوں پنچوں کے علاوہ بھوشن اْپل، سرپنچ عبدالرحمن ، حاجی چودھری نذیر حسین، چیئرمین چودھری عبدالعزیز ، فاروق انجم، ظفر اقبال، چودھری قیصر دین، ٹھاکر چین سنگھ سابقہ سرپنچ بھی موجود تھے۔اس دوران نومنتخب بلاک صدر ٹھاکر بلدیو سنگھ نے پارٹی قیادت کا یقین دلایاکہ وہ اپنے علاقہ کی بہتری اور پارٹی کی مضبوطی کے لئے کوئی دقیقہ فروگذشت نہ چھوڑیں گے۔ انہوں نے سید الطاف بخاری صاحب اور چودھری ذوالفقار علی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔