تاریخی مغل شاہراہ پر ٹریفک جام سے مسافر پریشان صورتحال کو قابو کرنے کیلئے ٹرکوں کی آمدورفت کا وقت مقرر کرنے کی اپیل

حسین محتشم+بختیار کاظمی +جاوید اقبال
پونچھ//تاریخی مغل شاہراہ پر کچھ دنوں سے بدترین ٹریفک جام دیکھنے کو مل رہا ہے۔ اس دوران سڑک پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں جس کی وجہ سے مسافر گھنٹوں پھنسے رہتے ہیں۔شاہراہ پر جمعہ کے روز بھی ٹریفک جام رہا اور مسافروں کو پریشان ہونا پڑا۔ اس ٹریفک جام میں خصوصی طور پر سرینگر آنے جانے والے مریضوں کو لے کر آنے والی گاڑیاں بھی پھنسی رہیں جس کی وجہ سے مریضوں کو کئی طرح کی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔مسافروں نے بتایا کہ وادی سے آنے والے ٹرکوں کیساتھ ساتھ شاہراہ پر غلط پارکنگ اور جموں خطہ کی جانب سے بھاری ٹرک وادی کی جانب جانے کی وجہ سے جام جیسی صورتحال پیدا ہو گئی ہے ۔ ایڈوکیٹ معروف خان جو کہ بار ایسوسی ایشن پونچھ کے صدر ہیں ،نے کہا کہ دیکھنے میں آیا ہے کہ اس ٹریفک جام کی وجہ مال بردار ٹرک بن رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں سرینگر شاہراہ اکثر بند رہتی ہے اس لئے مال بردار ٹرک مغل شاہرہ سے ہی سفر کرنا پسند کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ اس کے حق میں بھی نہیں ہیں کہ اس طرف سے ٹرکوں کو نہ آنے دیا جائے لیکن اگر ٹریفک جام کو کنٹرول کرنا ہے تو ان کے لئے وقت معین کیا جائے۔ اس اہم شاہراہ پر سفر کرنے والے مسافروں کو پریشانی کا سامنانہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ اس اہم شاہراہ پر جگہ جگہ مال بردار ٹرک ٹریفک جام کا باعث بن رہے ہیں اور ٹریفک کے مسائل کے حل کی لئے حکومتی سطح پر کوئی منصوبہ سازی نظر نہیں آتی۔انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر ٹریفک جام روز کا معمول بن گیا ہے جہاں مسافروں کو ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک جام کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ روز بہ روز گاڑیوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ شاہراہ پر مال بردار گاڑیوں کی آمد رفت کے لئے وقت معین کریں تاکہ لوگوں کو ٹریفک جام سے نجات حاصل ہو۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ شاہراہ پر جام جیسی صورتحال پیدا ہونے کی وجہ سے سکولوں میں جانے والے بچے اب پیدل سفرکرنے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ شاہراہ پر مذکورہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے عملی قدامات اٹھائے جائیں ۔