بیٹے کی موت کی خبر سن کر باپ بھی دم توڑ بیٹھا اننت ناگ،سمبل اور نشاط میں3موٹر سائیکل سواروں سمیت 5لقمۂ اجل، پلوامہ میں 2مزدور چھت سے گر کر ہلاک

عارف بلوچ +عازم جان+ ارشاد احمد+ سید اعجاز

 

اننت ناگ+بانڈی پورہ+سرینگر+پلوامہ// چھترگل اننت ناگ علاقے میں منگل کی صبح اس وقت قیامت صغری بپا ہوئی جب بیٹے کی سڑک حادثے میں موت واقع ہونے کی خبر سن کر باپ صدمہ برداشت نہ کرسکا اور حرکت قلب بند ہونے سے داعی اجل کو لبیک کہہ گئے-پنژال تھن شانگس علاقے میں منگل کی صبح عارف احمد ولد عبدالرحمان نامی موٹر سائیکل سوار کی ایک مسافر بردار گاڑی سے ٹکر ہوگئی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ عارف کو علاج و معالجے کے لئے سب ضلع ہسپتال شانگس پہنچایا گیا لیکن وہاں ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دیا۔ بیٹے کی موت کی خبر سنتے ہی والد صدمہ برداشت نہیں کر پایا اور اسے دل کا دورہ پڑا ،اگر چہ انہیں فوری طور اسپتال منتقل کیا گیا تاہم باپ بھی بیٹے کے ہمراہ دنیائے فانی سے کوچ کر گیا  ۔باپ بیٹے کی موت کی خبر پھیلتے ہی آبائی علاقہ میں کہرام مچ گیا اور ہر طرف آہ و بکا کا ماحول تھا۔ دوپہر کو دونوں باپ بیٹے کو سینکڑوں لوگوں کی موجودگی میں نم آنکھوں سے سپرد خاک کیا گیا ۔ادھر بانڈی پورہ کے رکھ عشم سمبل علاقے میں منگل کی دوپہر المناک سڑک حادثے میں ایک نوجوان موٹر سائیکل سوار کی موت ہو گئی۔موٹر سائکل سوار عادل احمد ڈار ولد احد ڈار ساکن بریتارسوپور کہیں جارہاتھا تو رکھ عشم سمبل کے مقام پر حادثہ پیش آیا۔

 

اگرچہ اسے فوری طور پر سمبل ہسپتال پہنچایا گیا لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ بیٹھا۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر قانونی لوازمات کے بعد لواحقین کو حوالے کی۔ادھر پیر کی رات نشاط سے ملحقہ گوبر پوائنٹ لام میں تیز رفتار موٹرسائیکل زیر نمبر JKOIAN/6460 سڑک کنارے نصب کھمبے سے ٹکرایا جس کے باعث موٹر سائیکل سوار 24 سالہ زاہد احمد بٹ ولد حبیب اللہ ساکن اشبر نشاط اور راہگیر 15 سالہ شاداب احمد ٹینڈوا ولد طارق محمود ساکن تھانہ منڈی راجوری شدید زخمی ہو گئے۔ دونوں کو فوری طور پر صدر ہسپتال سرینگر منتقل کردیا گیا، لیکن وہ دم توڑ بیٹھے۔ ادھر پلوامہ کے صنعتی علاقہ لاسی پورہ میں ایک المناک حادثے میں 2غیر مقامی مزدورایک کولڈ اسٹورکی چھت سے گرنے کے بعدلقمہ اجل بن گئے ۔پولیس نے بتایا کہ پیرکی رات دیر گئے لاسی پورہ پلوامہ کے انڈسٹریل اسٹیٹ (سڈکو )کے ایک کولڈ سٹور کی چھت سے2 افراد گر گئے اور انہیں قریبی ہسپتال لے جایا گیا، جہاں پہنچنے پر انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔ دونوں کی شناخت  18سالہ لادو کمار ولد سکھاری کمار اور 25سالہ جگل کمار ولد کمل کمار ساکنان سیوان بہار کے طور پر ہوئی ۔پولیس نے اس سلسلے میں ضروری قانونی وطبی لوازمات مکمل کرنے کے بعدمعاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ۔