بین ریاستی منشیات نیٹ ورک کا پردہ فاش پنجاب کے 2افراد سے22 کلو ہیروئن ضبط

سمیت بھارگو+رمیش کیسر

راجوری+نوشہرہ//جموں وکشمیر کے راجوری ضلع میں پولیس نے بین ریاستی منشیات کے نیٹ ورک کا پردہ فاش کرتے ہوئے دو افراد کو دھر دبوچ کر اْن کے قبضے سے 22کلو ہیروئن جیسی ممنوع نشیلی اشیاء برآمد کرکے ضبط کی۔راجوری کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس امرت پال سنگھ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ پولیس کو ایک مخصوص اطلاع موصول ہوئی تھی کہ بدھ کی شام دیر گئے دو مشتبہ افراد ایک گاڑی میں راجوری سے جموں کی طرف جارہے ہیں۔ اس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے اس سلسلہ میں ضلع بھر میںچوکسی بھرتی جبکہ اس دوران داخلی اور خارجی راستوں پر چوکسی بڑھ دی گئی ۔ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ رات تقریباً 9:30بجے ایک گاڑی زیر رجسٹریشن نمبر/5470 JK01AB کو جموں راجوری پونچھ شاہراہ پر آئی ٹی آئی سندر بنی کے قریب پولیس ناکے پر روکا گیا۔کار میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے دو افراد سفر کر رہے تھے جن کی تلاشی لی گئی جس کے دوران بھاری مقدار میں ہیروئن جیسامادہ برآمد ہواجو کہ تقریباً 22 کلو گرام ہے۔ایس ایس پی نے بتایا کہ ان دو افراد کی شناخت اونکار سنگھ ولد کرم سنگھ ساکن گائوں تلمنڈی بارتھ، ضلع گورداسپور پنجاب اور شمشیر سنگھ ولد نرمل سنگھ ساکن گاؤں بارتھمل تحصیل گورداسپور پنجاب کے طور پر ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے اس سلسلہ میں ایف آئی آر زیر نمبر 42/2023پولیس سٹیشن سندر بنی میں درج کر کے تحقیقات کا عمل شروع کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے اور تفتیش کے دوران مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔ایس ایس پی نے اسے انسداد منشیات فرنٹ پر پولیس کی ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس برآمدگی کے منشیات کے دہشت گردی کے پہلو کی بھی جانچ کی جارہی ہے۔غور طلب ہے کہ مذکورہ کارروائی ایس ڈی پی او نوشہرہ توصیف احمد اور ایڈیشنل ایس پی نوشہرہ محمد رفیع گری کی نگرانی میں ایس ایچ او سندربنی دیپک پٹھانیہ کی سربراہی میں پولیس نے انجام دی ۔