بھیرہ ۔قصاب رابطہ سڑک کی تعمیر لوگوں نے غیر معیاری کام کرنے کا الزام لگایا

 

جاوید اقبال

مینڈھر //مینڈھرسب ڈویژن ہیڈ کوارٹر کے قریب بھیرہ گائوں سے قصاب رابطہ سڑک کی تعمیر کے دوران غیر معیاری کام و غیر معیاری مٹریل استعمال کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے مقامی لوگوں نے مانگ کی ہے کہ اس تعمیر اتی عمل کا جائزہ لیا جائے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ کئی عرصہ کے بعد مذکورہ رابطہ سڑک کی تعمیر کا عمل شروع کیا گیا جبکہ اس عمل کے شروع ہونے سے ہی مکینوں کو بہتر سہولیات ملنے کی امید تھی لیکن متعلقہ تعمیر اتی ایجنسی کی لاپرواہی و ملازمین کی ملی بھگت کی وجہ سے سڑ ک کو انتہائی غیر معیاری طریقہ سے تعمیر کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ حفاظتی باندھ تعمیر کرنے کے دوران جہاں غیر معیاری ساز و سامان کا استعمال کیا جارہا ہے وہائیں کام بھی انتہائی غیر معیاری کیاجارہا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کی تعمیر کے سلسلہ میں جاری کام کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی ٹیم تعینات کی جائے جبکہ غیر معیاری کام کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔