بھٹناگر کا چندن واڑی اور نُن وَن کیمپوں کا دورہ | یاترا اِنتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لیا

 

نیوز ڈیسک

پہلگام//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیوائے بھٹناگر نے یاتر ا روٹ  پہلگام کا دورہ کیا اور 30تاریخ سے شروع ہونے والی یاتراکے اَحسن اِنعقاد کے لئے تیاریوں اور اِنتظامات کا جائزہ لیا۔ بھٹناگر نے چند ن واڑی بیس کیمپ روٹ پر موجود سہولیات کا سائٹ پر معائینہ کیا اور بیس کیمپ میں ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی جس میں سیکورٹی کے قیام ، ہیلتھ کیئر ، مواصلاتی نیٹ ورک ، صفائی ستھرائی ، پانی کی فراہمی ، ایمرجنسی رسپانس ، فائر سیفٹی اور دیگر تمام بنیادی ضروریات کا جائزہ لیا۔مشیر موصوف نے چند ن واڑی میں کیمپ کے ڈائریکٹر ، پولیس ، صحت اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے اَفسران کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے اِس بات پر زور دیا کہ وہ مختلف شراکت داروں کے درمیان ہم آہنگی اور عقیدت مندوں کی بغیر کسی رُکاوٹ کے سہولیت کے لئے بہت ضروری ہے۔اُنہوں نے یاترا کے اِنتظام میں شامل تمام شراکت داروں سے کہا کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام سہولیات مکمل طور پر فعال اور اَچھی طرح سے برقرار ہیں ۔اُنہوں نے مزید کہاکہ عقیدت مندوں کی بلا تعطل سہولیت کے لئے

تمام اِنتظامات مکمل ہیں۔ بھٹناگر نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ پورے ٹریک پر مناسب طبی عملہ اور دیگر ایمرجنسی رسپانس اہلکاروں کو تعینات کریں تاکہ کسی بھی قسم کی طبی ضروریات یا دیگر ہنگامی صورتحال کا خیال رکھا جائے۔اُنہوں نے انہیں یہ بھی ہدایت دی کہ وہ تمام ڈیزاسٹر رسپانس آلات کو ٹریک کے ساتھ ساتھ بیس کیمپ پر پہلے سے ہی تعینات کریں۔اُنہوں نے چندن واڑی بیس کیمپ میں شری اَمرناتھ جی یاتریوں کو معیاری ہیلتھ کیئر کی خدمات فراہم کرنے کے لئے قائم ڈی آر ڈی او ہسپتال کی طبی دیکھ ریکھ کی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ مشن موڈ میں کام کریں اور یاترا کے آغاز سے قبل تمام مطلوبہ سہولیتیں قائم کریں۔