بھدرواہ ہسپتال میں بی ایم او، سرجن و آرتھو ڈاکٹروں کی کرسیاں خالی مریض ڈوڈہ و جموں کا رخ کرنے پر مجبور ،حادثات سے بھی نمٹنے کا انتظام نہیں

اشتیاق ملک

ڈوڈہ //سب ضلع ہسپتال بھدرواہ میں بی ایم او و دیگر ماہر ڈاکٹروں کی خالی پر اسامیوں پر یوتھ ایکشن کمیٹی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ناقص طبی نظام کی وجہ سے غریب لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔بھدرواہ یوتھ ایکشن کمیٹی کے صدر نصیر محبوب نے کہا کہ سب ضلع ہسپتال میں جہاں بی ایم او کی کرسی چار ماہ سے خالی پڑی ہے وہیں آرتھو و سرجن کی اسامیاں بھی خالی ہیں جس کے نتیجے میں مقامی لوگوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں بنیادی نظام درہم برہم پڑا ہے اور ایل جی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال عوام کی بنیادی ضروریات میں سے ایک ہے لیکن جس کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے وہاں لوگ راحت کی کیا امید رکھ سکتے ہیں۔یوتھ ایکشن کمیٹی نے کہا کہ کئی برسوں بعد سرجن و آرتھو ڈاکٹروں کی تعیناتی ہوئی تھی لیکن کچھ عرصہ بعد ہی ان کا تبادلہ کیا لیکن ان کی جگہ کوئی متبادل نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں معمولی طبی معائنہ کی غرض سے مریضوں کو ڈوڈہ و جموں کا رخ اختیار کرنا پڑتا ہے وہیں سڑک حادثات کے دوران آرتھو و سرجن ڈاکٹر دستیاب نہ ہونے سے زخمی افراد کا بروقت علاج ممکن نہیں ہو سکتا ہے۔انہوں نے ایل جی انتظامیہ سے بی ایم او و دیگر خالی پڑی اسامیوں کو پورا کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے نہ شنوائی ہونے پر ہمگیر احتجاج کی دھمکی دی ہے۔