بھارت 200کروڑ کی ٹیکہ کاری کے قریب | کووڈ ویکسین کی احتیاطی خوراک بروقت لیں: مودی

نیوز ڈیسک
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز لوگوں پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ اپنے خاندان کے افراد کے ساتھ، خاص طور پر بزرگ افراد کو کورونا وائرس کے خلاف ویکسین کی احتیاطی خوراک بروقت حاصل کریں اور ہاتھ کی صفائی اور ماسک جیسی ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ من کی بات ریڈیو نشریات میں مودی نے یہ بھی کہا کہ یہ اطمینان کی بات ہے کہ آج ملک کے پاس ویکسین کی ایک جامع حفاظتی ڈھال موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ”ہم ویکسین کی 200 کروڑ خوراکوں کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ ملک میں احتیاطی خوراک بھی تیزی سے دی جا رہی ہے،‘‘۔مودی نے کہا”اگر آپ کی دوسری خوراک کے بعد احتیاطی خوراک کا وقت ہے، تو آپ کو یہ تیسری خوراک ضرور لینا چاہیے، اپنے خاندان کے افراد خصوصاً بوڑھے افراد کو احتیاطی خوراک کا پابند بنائیں،ہمیں ہاتھ کی صفائی اور ماسک جیسی ضروری احتیاطی تدابیر بھی اختیار کرنی ہوں گی۔‘‘وزیر اعظم نے لوگوں سے بارش کے موسم میں اردگرد کی گندگی سے ہونے والی بیماریوں سے ہوشیار رہنے کی بھی اپیل کی۔مرکزی وزارت صحت کے مطابق، ہفتہ کو ملک میں COVID-19 ویکسین کی خوراک کی مجموعی تعداد 197 کروڑ سے تجاوز کر گئی۔ہندوستان نے 10 جنوری سے صحت کی دیکھ بھال اور فرنٹ لائن کارکنوں اور 60 سال یا اس سے زیادہ عمر کے افراد کو ویکسین کی احتیاطی خوراک دینا شروع کردی۔ملک نے 16 مارچ سے 12 سے 14 سال کی عمر کے بچوں کو ٹیکہ لگانا شروع کر دیا اور ساتھ ہی کموربیڈیٹی شق کو بھی ہٹا دیا، جس سے 60 سال سے زیادہ عمر کے تمام افراد کووڈ ویکسین کی احتیاطی خوراک کے لیے اہل ہو گئے۔بھارت نے 10 اپریل کو 18 سال سے زیادہ عمر کے تمام افراد کو COVID-19 ویکسین کی احتیاطی خوراک دینا شروع کر دی۔