بھارت جوڑو یاترا رام بن پہنچ گئی، بانہال میں دو روزہ قیام ہوگا | یاترا کے دوران قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت پر مکمل بندش عائد ہوگی

محمد تسکین
بانہال // بارشوں اور برفباری کے بیچ اپنے آخری پڑاؤ کی طرف بڑھ رہی کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا منگل کی شام ضلع رام بن میں داخل ہوگئی۔راہول گاندھی کی قیادت والی بھارت جوڑو یاترا، یاترا نواس چندر کوٹ میں قیام کے بعد بْدھ کو بانہال پہنچے گی جہاں موسم خراب ہے۔بھارت جوڑو یاتراآج یعنی بدھ کی صبح بتی میتراہ رام بن سے چلے گی اور فارسٹ چیک پوسٹ شان پیلس رام بن کے مقام اختتام پذیر ہوکر بانہال کیلئے روانہ ہوگی۔ بانہال پہنچنے پر یاترا کھارپورہ بانہال سے پیدل مارچ شروع کرے گی اور قریب سات کلومیٹروں کا پیدل سفر طے کرکے یہ یاترا بانہال کے لامبر ٹرک گراؤنڈ میں اپنے اختتام کو پہنچے گی اور دو روزہ قیام کے بعد یہ یاترا جمعہ کو وادی کشمیر میں داخل ہوگی۔ برفباری کی وجہ سے باںہال کے لامبر علاقے میں ٹول پلازہ بانہال کے نزدیک ٹرک پارکنگ میں بھارت جوڑو یاترا کیلئے ٹینٹ وغیرہ نہیں لگائے جا سکے ہیں کیونکہ برفباری کی وجہ سے المونیم کے راڈوں کی مدد سے ان ٹینٹوں کا برفباری میں ٹکے رہنا ممکن نہیں ہے اور ٹینٹ اور کرسیوں کو لگانے کا کام اب بدھ کو ہی ممکن ہے۔ یہاں کنٹینروں کیلئے بھی جگہ رکھی گئی ہے اور سڑک اور ٹرک ٹرمینل سے برفباری کو ہٹانے کیکئے دو مشینیں تیاربہ تیار رکھی گئی ہیں۔بانہال کے لامبر علاقے میں ٹرک یارڈ میں راھول گاندھی کی قیادت والی بھارت جوڑو یاترا دو روز قیام کرے گی اور راھول گاندھی یوم جمہوریہ کی تقریب کے موقع پر بانہال ہی میں ترنگا لہرائینگے۔ یہ یاترا 27 جنوری کو وادی کشمیر میں داخل ہوگی۔ بانہال اور رام بن جے علاوہ جموں سرینگر قومی شاہراہ پر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ییں اور 25 اور 26 جنوری کو یاترا کے دوران ناشری ٹنل اور قاضی گنڈ سمیت اندورنی سڑکوں کے ٹریفک کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائدہوگی۔