بٹہ مالو قتل کیس پولیس کی بروقت کارروائی،ملزم 24گھنٹوں میں گرفتار

یو این آئی

سرینگر//سرینگر پولیس نے بٹہ مالو قتل کیس کو 24 گھنٹوں کے اندر ہی حل کرکے مرکزی ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ایس پی سائوتھ سٹی گورو سیکر وار نے بدھ کے روز ایک پریس کانفرنس کے دوران اس کیس کے سلسلے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ 30 مئی کو پولیس کو اطلاع ملی کی مومن آباد لین نمبر 2 میں ایک شخص بے ہوش پڑا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں نے اس شخص کو جی وی سی ہسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن بٹہ مالو میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئیں اور پولیس کی ایک ٹیم جائے واردات پر پہنچ گئی۔

 

 

 

ایس پی نے کہا کہ سی سی ٹی کیمروں کی فوٹیج، مقامی لوگوں کے ساتھ بات چیت اور دیگرتیکنکی طریقوں کی مدد سے کچھ مشکوک افراد کی نشاندہی کی گئی جن میں سے ایک کو پکڑ لیا گیا۔انہوں نے کہا’تفتیش کے دوران اس نے جرم قبول کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقتول کی بیٹی کے ساتھ رابطہ تھا اور بیٹی کا باپ اس کے خلاف تھا‘۔ان کا کہنا تھا’ملزم نے چار پانچ ماہ قبل ایک چاقو خریدا اور بدلہ لینے کے موقعہ کی تلاش میں تھا‘۔ایس پی سائوتھ سٹی نے کہا’منگل کی شام موقع پاکر ملزم نے متاثرہ کی گردن اور سینے پر کئی حملے کئے جس سے اس کی موت واقع ہوگئی اور ملزم خود جائے موقع سے فرار ہوگیا‘۔انہوں نے کہا کہ ملزم کے انکشاف پر اس کی خون آلود قمیض جس پرمقتول کا خون تھا، خون آلود چاقو اور خون آلود ٹرائوزر بر آمد کیا جو اس نے الگ الگ جگہوں پر چھپائے تھے‘۔