بنگس میں سیلانیوں کی رہائش کیلئے خیمے نصب سیر کو آنے والے سیاح آن لائن بکنگ کرائیں : حکام

اشرف چراغ

کپوارہ // وادی بنگس کی حسین وادیو ں میں ضلع انتظامیہ نے رات کے قیام کیلئے سیلانیوں کیلئے خیمے نصب کرنے کا انتظام کیا ہے ۔وادی بنگس کپوارہ ضلع میں اپنے آپ میں ایک قدرتی خوبصورتی کی حامل ہے ۔ڈھلتے سورج کی روشنی میں سبز مخمل سے لپٹے پہا ڑوں کے بیچ بنگس کی حسین وادیا ں سیلانیو ں کے توجہ کی مرکز بنی ہوئی ہے اور ضلع انتظامیہ جہا ں پورے ضلع میں قائم سیا حتی مقام کو ترقی دینے کیلئے کو شاں ہے، وہیں ضلع نتظامیہ نے اپنی پوری توجہ وادی بنگس پر لگائی ہے ۔

 

وادی بنگس کی ترقی اور سیا حوں کو اس خوبصورت وادی کی طرف راغب کرنے کیلئے لولاب بنگس درنگیاری ڈیو لپمنٹ اتھا رٹی جو محکمہ سیاحت کے تحت کام کرتی ہے نے وادی بنگس میں سیلانیو ں کیلئے رات کے قیام کے لئے خیمے لگائے ہیں ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کپوارہ غلام نبی بٹ جس کو بنگس درنگیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا اضافی چارج بھی ہے نے کہا کہ سیاحوں کے رات کے قیام کے لئے بنگس میں 17خیمے لگائے گئے ہیں اور ان خیمو ں میں دو فراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے ۔انہو ں نے کہا کہ اگر کوئی رات کے قیام کیلئے آنا چاہتا ہے تو وہ بکنگ کے لئے فون نمبر 9596341934,9541320803پر رابطہ کر سکتے ہیں ۔بٹ نے کہا کہ بنگس وادی کی سیر کرنے والے خواہشمند لوگ آن لائن بکنگ کر سکتے ہیں ۔انہو ں نے کہا کہ وادی بنگس میں سیلانیو ں کے لئے غسل خانو ں اور بیت الخلاء بنانے کا بھی منصوبہ ہے، تاہم سیلانی وہاں مقامی مسجد کا غسل خانہ استعمال کر سکتے ہیں ۔

 

انہو ں نے کہا کہ ایک ماہ کے اندر اندر سیا حوں کیلئے بیت الخلاء اور باورچی خانہ بھی تعمیر کیا جائے گا تاکہ وہ وہاں پر اپنے من پسند کے کھانا تیار کر سکے ۔درنگیاری بنگس ڈیو لپمنٹ اتھارٹی کے ایگزیکٹو انجینئر فاروق احمد شاہ کا کہنا ہے کہ وادی بنگس سیاحتی مقام کے ساتھ ساتھ لوگوں کیلئے روزی رو ٹی کے موقع بھی پیدا کر سکتا ہے ۔بنگس وادی کی طرف جانے کیلئے حال ہی میں ماور سڑک کو قابل آمد ورفت بنایا گیا ہے جبکہ چوکی بل درنگیاری چوکی بل اور راجواڑ سڑکو ں پر کام زروں سے جاری ہے ۔