بس سٹینڈ پر جموں کے پہلے  فاس ٹیگ سے چلنے والے پارکنگ مینجمنٹ سسٹم کا آغاز

جموں //پرنسپل سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ( ایچ اینڈ یو ڈی ڈی ) دھیرج گپتا نے جموں اور کشمیر کے پہلے FASTag کے قابل پارکنگ منیجمنٹ سسٹم کا ملٹی لیول کار پارکنگ جنرل بس اسٹینڈ جموں میں افتتاح کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے دھیرج گپتا نے کہا کہ جدید ترین سمارٹ پارکنگ FASTag جو کیش لیس کو قابل بناتا ہے یہ پہل جموں و کشمیر میں اپنی نوعیت کی پہلی اور پورے ملک میں دوسری ہے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے کچھ برسوں میں جموں شہر میں پارکنگ کی سہولیات میں اضافہ ہوا ہے اور انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنی گاڑیاں پارکنگ کی جگہوں پر پارک کر کے ٹریفک نظم و ضبط کو برقرار رکھیں۔انہوں نے جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور آئی ڈی ایف سی فرسٹ بینک کو بھی اس اقدام میں شراکت داری کیلئے سراہا اور کہا کہ حکومت خطے کے شہریوں کیلئے موثر ٹریفک منیجمنٹ سسٹم بنانے کیلئے ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔پارکنگ پارک + نامی ایپ کے ذریعے کام کرے گی جہاں جموں کے باشندے اس ایپ کو استعمال کر کے اب پارکنگ کی جگہ کو تلاش ، بک اور پری پیمنٹ کر سکتے ہیں۔مزید براں وہ اپنی کار پر FASTag کا استعمال پارکنگ کی جگہ کی ادائیگی کیلئے بھی کر سکتے ہیں ، بغیر کسی انسانی مداخلت کے ، یہ جموں میں اپنی نوعیت کا پہلا اقدام ہے۔اس موقع پر ڈپٹی مئیر جموں ، ڈویڑنل کمشنر جموں ، ڈپٹی کمشنر جموں ، کمشنر جموں میونسپل کارپوریشن ، وائس چیئر مین جے ڈی اے ، ٹول اینڈ ٹرانزٹ ہیڈ آئی ڈی ایف سی فرسٹ بینک اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔